نیوزی لینڈ کرکٹ کرپشن کی لعنت سے پاک ہے چیف ایگزیکٹیو

ہمارا کوئی بھی موجودہ پلیئر فکسنگ میں ملوث نہیں، چیف ایگزیکٹیو


Sports Desk May 16, 2014
ہمارا کوئی بھی موجودہ پلیئر فکسنگ میں ملوث نہیں،بورڈ چیف.فوٹو فائل

نیوزی لینڈ خود کو دودھ کا دھلا قرار دینے پر تل گیا،بورڈکے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے ملکی کرکٹ کو کرپشن کی لعنت سے پاک قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہمارا کوئی بھی موجودہ کھلاڑی ان کاموں میں ملوث نہیں۔

نہ ہی ملک میں کھیلے گئے کسی میچ کے بارے میں تحقیقات ہورہی ہیں، البتہ آکلینڈ ایسزکے جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے میچز زیر تفتیش ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر لو ونسنٹ نے کم سے کم پانچ ممالک میں کھیلے گئے میچز میں کرپشن کا انکشاف کیا تاہم ان کے اپنے ملک کا بورڈ خود کو بدستور اس لعنت سے پاک قرار دینے پر تلا ہوا ہے۔ ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس معاملے میں آئی سی سی تحقیقات کررہا ہے، مگر اس میں نیوزی لینڈ کا کردار انتہائی مختصر ہے، میں اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے ملک میں کھیلے گئے کسی بھی میچ نہ ہی کسی موجودہ کھلاڑی کے بارے میں تحقیقات ہورہی ہیں، وہ میچز بھی زیرتفتیش نہیں جن میں ہماری ٹیم کھیلی ہے۔

واضح رہے کہ ونسنٹ نے اینٹی کرپشن یونٹ کو آکلینڈ ایسز کے بعض میچز میں فکسنگ سے آگاہ کیا، وائٹ نے کہاکہ ہمیں آئی سی سی نے بتایا کہ وہ آکلینڈ ایسز کے چیمپئنز لیگ 2012 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے میچز کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے، یہ صرف ایک ہی واقعہ ہے، میچ فکسنگ ویسے بھی دنیا بھر کی کرکٹ کے لیے خطرہ اور ہم اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں میں کونسل کے ساتھ ہیں۔