قومی جونیئر ہاکی میں واپڈا نے سندھ وائٹس کو قابو کرلیا

پنجاب کلر نے اسلام آباد کو شکست دے دی، محسن صابر اور سہیل انجم نے2،2گول داغے، ریلویز نے خیبرپختونخوا کو2-1 سے مات دی


Sports Reporter May 16, 2014
پنجاب کلر نے اسلام آباد کو شکست دے دی، محسن صابر اور سہیل انجم نے2،2گول داغے، ریلویز نے خیبرپختونخوا کو2-1 سے مات دی۔ فوٹو: فائل

لاہور: 33 ویں قومی جونیئر انڈر18 ہاکی چیمپئن شپ میں واپڈا نے سندھ وائٹس کو 3-1 سے قابو کرلیا۔

پنجاب کلر نے اسلام آباد کو 4-0 سے زیر کیا، محسن صابر اور سہیل انجم نے2,2 گول داغے،خیبر پختونخوا کیخلاف ریلویز کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے سرخرو رہی۔ تفصیلات کے مطابق ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں واپڈا نے میزبان سندھ وائٹ کو3-1 سے ہرایا، بلال محمود نے 28 ویں منٹ میں انفرادی کوشش سے پہلا گول داغا، 37 ویں منٹ میں علی بہادر نے برتری کو دگنا کردیا، کھیل کے تیسرے کوارٹر اور میچ کے37ویں منٹ میں سندھ وائٹ کے جمشید نے گول کرکے اپنی ٹیم کا خسارہ کم کیا، واپڈا کے محمد نوید نے گیند کو جال میں پہنچاکر مہمان سائیڈکو 3-1 کی حتمی سبقت دلا دی۔ پنجاب کلر نے اسلام آباد کو یکطرفہ مقابلے میں4-0 سے مات دی۔

فاتح سائیڈ نے شروع ہی سے اٹیکنگ انداز اپنایا اور تیسرے منٹ میں کپتان محسن صابر کے گول کی بدولت برتری حاصل کرلی، 35 ویں منٹ میں کپتان نے ایک اور گول کرتے ہوئے سبقت کو دگنا کردیا۔ اسلام آباد کے کھلاڑیوں نے میچ میں واپسی کی کوششیں کیں لیکن ان کی ایک نہ چل سکی، اسی دوران سہیل انجم نے53 اور55 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچاتے ہوئے اسکور4-0 کردیا۔ پاکستان ریلویز نے خیبرپختونخوا کو2-1 سے قابو کیا، ناکام ٹیم برتری حاصل کرنے کے باوجود ردھم برقرار نہ رکھی سکی، سمیع اللہ نے چھٹے منٹ میں گول کے ذریعے سبقت قائم کی۔

کھیل کے21 ویں منٹ میں ریلویز کے احمد ندیم نے مقابلہ1-1سے برابر کیا، 4 منٹ بعد محمد ندیم اکرم نے پنالٹی کارنر کے ریبائونڈ پر گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 2-1 سے برتری دلادی جو اختتام تک قائم رہی، میچ میں ریلویز کی ٹیم کو9 اور کے پی کے کو2 پنالٹی کارنر ملے۔ ایونٹ میںجمعے کو4 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا مقابلہ آرمی اور پنجاب یلو کے درمیان صبح 7 بجے شروع ہوگا، 9بجے دوسرے میچ میں پاکستان کسٹمز کی ٹیم بلوچستان کے خلاف صف آراء ہوگی، پی آئی اے کاٹکرائو پاکستان بورڈ سے سہ پہر 3 بجے شیڈول ہے، نیشنل بینک اورپنجاب کلر کے درمیان میچ شام 5 بجے کھیلا جائے گا۔