ایک امریکی کاشتکار نے 1246.9 کلو وزنی کدو اگا کر 50 ویں سالانہ چیمپئن شپ جیتتے ہوئے دنیا کا سب سے وزنی کدو اگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
امریکی ریاست مِنیسوٹا سے تعلق رکھنے والے ٹریوس گیئنگر نے کیلیفورنیا میں منعقد ہونے والے مقابلے میں مائیکل جورڈن نامی کدو پیش کرتے ہوئے تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس سے قبل انہوں نے 2022 میں 1961 کلو وزنی کدو (میورک) اور2020 میں 1065 کلو وزنی کدو (ٹائیگر کنگ) پیش کر کے مقابلے اپنے نام کیے تھے۔
گیئنگر کے ماضی میں اگائے گئے کدوؤں نے ملکی سطح پر ریکارڈ بنائے لیکن اس بار ان کی کوشش نے سب سے وزنی کدو کا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ اطالوی کاشتکار اسٹیفنو کٹروپی نے 2021 میں 1225.6 کلو وزنی کدو اگا کر ریکارڈ بنایا تھا۔
ٹریوس گیئنگر کے مطابق مائیکل جورڈن (کدو) کو اگانے کے بعد (10 اپریل) سے اس کی دیکھ بھال میں 15 ہزار ڈالر کے قریب رقم خرچ ہوئی۔ 30 ہزار ڈالر کی انعامی رقم سے وہ اگلا کدو اگائیں گے۔