قومی کرکٹرز کوبھارت میں سینٹرل کنٹریکٹس موصول

مشاورت کے بعد دستخط کریں گے، پی سی بی جلد بقایاجات ادا کرے گا


Saleem Khaliq October 30, 2023
ڈی کیٹیگری میں شامل بعض کھلاڑیوں کے معاہدوں پر تحفظات برقرار (فوٹو: ایکسپریس ویب)

قومی کرکٹرز کو بھارت میں سینٹرل کنٹریکٹ موصول ہوگئے، مشاورت کے بعد دستخط کریں گے جب کہ پی سی بی جلد بقایاجات ادا کر دے گا۔

سینٹرل کنٹریکٹ پر رواں برس کھلاڑیوں اور بورڈ میں سنگین اختلافات سامنے آئے، طویل عرصے مذاکرات کے بعد تین ماہ کی تاخیر سے 27 ستمبر کو نئے معاہدوں کا اعلان ہوا، اس کا اطلاق یکم جولائی سے ہونا تھا، گزشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ کرکٹرز کو کئی ماہ سے معاوضوں کی ادائیگی ہی نہیں ہوئی۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' کی تحقیق کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ ہونا اس کی وجہ بنا،ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے کرکٹرز کو معاہدوں کی کاپی فراہم کر دی ہے، وہ مشاورت کے بعد دستخط کریں گے، دستاویز واپس ملنے پر 4ماہ کے واجبات جلد ادا کر دیے جائیں گے، رقوم براہ راست پلیئرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سینٹرل کنٹریکٹ پر تاحال دستخط نہ ہونے کا انکشاف

اس سے پہلے سابقہ معاہدے کے تحت ادائیگی کا آپشن بھی زیرغور آیا تھا، دستخط کے بعد بقیہ رقم دی جاتی، یاد رہے کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ گذشتہ کئی دنوں سے رخصت پر ہیں، وہ اہل خانہ سے ملاقات کے لیے برطانیہ گئے ہوئے ہیں اور6 نومبر کو واپسی متوقع ہے،اس لیے معاہدوں پر دستخط کا کام کسی اور آفیشل کو سونپا گیا ہے۔

ڈی کیٹیگری میں شامل بعض کھلاڑیوں کے تحفظات برقرار ہیں،انھیں لگتا ہے کہ بابر اعظم و دیگر نے اپنے لیے مراعات حاصل کر لیں اور ان کو تنہا چھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کیلیے سالانہ بجٹ میں تقریبا 75 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، چاروں کیٹیگریز کو اب ماہانہ بالترتیب 60 لاکھ 30 ہزار، 41 لاکھ 47 ہزار 500، 17 لاکھ65 ہزار اور 11 لاکھ 32 ہزار500 روپے دیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے