نیب نے 2013 میں 3 ارب 12 کروڑ سے زائد رقم وصول کی

سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیب نے ایک سال میں 20 ہزار 71 شکایات کا جائزہ لیا۔


Numainda Express May 21, 2014
سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیب نے ایک سال میں 20 ہزار 71 شکایات کا جائزہ لیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: نیب نے سال 2013 کی رپورٹ جاری کردی جس میں اسے نیب کیلئے مشکل ترین سال قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رینٹل پاور، اوگرا، مضاربہ سمیت دیگر کرپشن کیسوں میں رضاکارنہ واپسی اور پلی بارگین کے تحت 3 ارب 12 کروڑ سے زائد کی ریکوری کی گئی۔

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور کئی سابق وزرا سمیت 157 باا ثر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو سفارش کی گئی، چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ 2014 میں ہمارا کام بڑھ گیا ہے، معاشرے میں کرپشن کی روک تھام کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائینگے، سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیب نے ایک سال میں 20 ہزار 71 شکایات کا جائزہ لیا، اس وقت نیب کے پاس زیر التوا شکایات 1464 رہ گئی ہیں، 243 انکوائریز حتمی شکل دیکر حکام کو منتقل کر دی گئیں۔

630 انکوائریاں زیر غور ہیں، جبکہ زیر التواء شکایات کی تعداد 1179رہی، 284 نئی شکایات دائر کی گئیں، 463 افراد سے معاملات طے ہوئے، جس کے نتیجے میں 99.2 فیصد وصولی ہوئی۔ کرپشن کی روک تھام اور عوامی آگاہی کے 363 منصوبے شروع کیے گئے اور ادارے کی کارگردگی کو مزید بہتر بنانے کیلیے18 کمیٹیاں قائم کی گئیں۔