قومی اسپورٹس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگاریاض پیرزادہ

پاکستان اسپورٹس بورڈ میں گورننس کا نظام کمزور ہے جس کے باعث ہر فیڈریشن نے للکارنا شروع کر دیا ہے ،ریاض پیرزادہ


Sports Reporter May 22, 2014
پاکستان اسپورٹس بورڈ میں گورننس کا نظام کمزور ہے جس کے باعث ہر فیڈریشن نے للکارنا شروع کر دیا ہے ،ریاض پیرزادہ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ حکومت پی او اے کے معاملے کو غیر جانبدارانہ انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔

وزیر اعظم کی منظوری کے بعد سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے حکام کے سامنے معاملہ دوبارہ اٹھائیں گے، قومی اسپورٹس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، قانون پر سب کو عملدرآمد کرنا ہو گا، کھیلوں کے معاملات پر اسپورٹس ٹریبونل تشکیل دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ ریاض پیرزادہ نے کہاکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں گورننس کا نظام کمزور ہے جس کے باعث ہر فیڈریشن نے للکارنا شروع کر دیا ہے ، پی ایس بی کی گورننس کو بہتربنایا جارہا ہے اور موجودہ ڈائریکٹر جنرل اختر نوازگنجیرا بہتر انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ کھیلوں سے متعلق ہرمعاملے پر اگر عدالتوں میں ہی جانا ہے تو پھر حکومتی پالیسیوں اور قوانین کا کیا فائدہ ہے، ہم کھیلوں سے متعلق معاملات کو ایک پلیٹ فارم پر تشکیل دینے کیلیے اسپورٹس ٹریبونل تشکیل دینگے ، جس کی تشکیل سے قبل تمام فریقین سے مشاورت کی جائے گی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت ایسا کوئی کام نہیں کریگی جس سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چارٹر کی خلاف ورزی ہو لیکن حکومت کا پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے حوالے سے موقف واضح ہے اور قومی اسپورٹس پالیسی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ پی او اے کے معاملے پر حکومتی موقف، سپریم کورٹ کی ہدایات اور سینیٹ کی قرارداد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے حکام کو جلد پیش کرینگے تاکہ اس تنازع کوحل کیا جاسکے۔