زرعی شعبے کو جولائی تا اپریل 2884 ارب کے قرضے فراہم

ملکی نجی بینکوں نے بحیثیت مجموعی اپنے اہداف کا 68.8 فیصد حاصل کیا


Business Reporter May 23, 2014
ملکی نجی بینکوں نے بحیثیت مجموعی اپنے اہداف کا 68.8 فیصد حاصل کیا فوٹو: فائل

بینکوں نے رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ یعنی جولائی سے اپریل 2014 تک زرعی شعبے کو288.4 ارب روپے کے قرضے دیے جو سالانہ ہدف 380 ارب روپے کا 76 فیصد ہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تقسیم کردہ 259.1 ارب روپے کے زرعی قرضوں سے 11.3 فیصد زیادہ ہیں جبکہ اس دوران زرعی قرضے کا واجب الادا پورٹ فولیو 35.3 ارب روپے (14.4 فیصد) کے اضافے سے 245.4 ارب روپے سے بڑھ کر280.7 ارب روپے ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 5 بڑے بینکوں نے بحیثیت گروپ 149.6 ارب روپے کے زرعی قرضے دیے جو ان کے سالانہ ہدف کا 80 فیصد اور گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تقسیم کردہ 139.1 ارب روپے سے 7.6 فیصد زائد ہیں،زرعی ترقیاتی بینک نے سالانہ ہدف کا 69.5فیصد یا 53.3 ارب روپے کے قرضے دیے جبکہ پنجاب پراونشل کو آپریٹو بینک نے 5.6 ارب روپے تقسیم کر کے اپنے 10 ارب روپے کے ہدف کا 56.1 فیصد حاصل کر لیا۔

ملکی نجی بینکوں نے بحیثیت مجموعی اپنے اہداف کا 68.8 فیصد حاصل کیا، بطور گروپ 7 مائیکرو فنانس بینکوں نے 17.2 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کیے جو ان کے سالانہ ہدف 21.6 ارب روپے کا 79.8 فیصد ہے۔3 اسلامی بینکوں نے 53کروڑ20لاکھ روپے کے سالانہ ہدف کے مقابلے میں جولائی تا اپریل 2014 کے دوران مجموعی طور پر 51کروڑ 15 لاکھ روپے جاری کر کے اپنے سالانہ ہدف کا 96.2 فیصد حاصل کیا۔