برازیل میں ہزاروں افراد کا ورلڈ کپ کیخلاف پر امن احتجاج

’فیفا گھر جاؤ‘ و دیگر بینرز تھامے مظاہرین پُرامن رہے،بس ڈرائیورز کی ہڑتال جاری


Sports Desk/AFP May 24, 2014
’فیفا گھر جاؤ‘ و دیگر بینرز تھامے مظاہرین پُرامن رہے،بس ڈرائیورز کی ہڑتال جاری۔ فوٹو: فائل

برازیل میں ہزاروں افراد نے ورلڈ کپ کیخلاف احتجاج کیا، پُرامن افراد نے مختلف بینرز اٹھائے ہوئے تھے، ان میں سے چند پر 'فیفا گھر جاؤ' لکھا تھا، شہری علاقوں میں ترقیاتی کاموں نے بہت سے افرادکو گھروں سے محروم کردیا جو اس پر غصے میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بے گھر افراد کی مدد سے متعلق ایک تحریک کے ہزاروں لوگوں نے گذشتہ روز ساؤپاؤلو میں ایک احتجاجی ریلی نکالی ، مظاہرین گھروں میں کمی، ناقص پبلک سروسز اور ورلڈ کپ پر ہونیوالے کثیر اخراجات کیخلاف احتجاج کررہے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کی تعداد 15 ہزار جبکہ آرگنائزرز اس سے دگنی قرار دی، ہوم لیس ورکرز موؤمنٹ نے کہاکہ بارش کے باوجود یہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران برازیل میں ہونیوالے بڑے مظاہروں میں سے ایک ہے۔

دن کے آغاز پر ساؤپاؤلو کے مسافروں کو بس ڈرائیورز کی ہڑتال کے سبب بڑے ٹریفک جام کا سامنا رہا،2 روزہ ہڑتال نے 10 لاکھ سے زائد پسنجرز کو بے یار و مددگار کیے رکھا اور برازیل کے تجارتی مرکز میں آمدورفت کا بحران پیدا کردیا ۔ ڈرائیورز اپنی ہی یونین کیخلاف احتجاج کررہے ہیں جس نے مینجمنٹ سے گفتگو کے بعد تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ منظور کرلیا تھا، وہ اس سے زیادہ رقم چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہوم لیس موؤمنٹ کے تقریباً 5 ہزار ارکان نے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج اور کورنتھیانز ارینا تک مارچ کیا تھا، وہ ٹورنامنٹ کی بڑی لاگت کیخلاف مظاہرہ کررہے تھے۔ ساؤپاؤلو کے دوتہائی رہائشی افراد کو یقین ہے کہ ورلڈ کپ کی میزبانی سے برازیلین عوام کو فائدے سے زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے۔