حاجی کیمپ کے سامنے36انچ قطر کی پانی کی لائن پھٹ گئی

پانی کھڑا ہونے سے کیمپ میں داخلے کا راستہ بند ہوگیا،عازمین حج کو شدید دشواریوں کا سامنا


Staff Reporter September 19, 2012
عازمین حج نے کہا کہ انتظامیہ نے حاجی کیمپ کے اطراف صحت و صفائی خصوصاً سیوریج کے نظام اور سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کیلیے اقدامات نہیں کیے۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

حاجی کیمپ کے سامنے 36انچ قطر کی پانی کی لائن پھٹ گئی، عازمین حج کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ چند روز سے مختلف جماعتوں کے احتجاجی پروگراموں کی وجہ سے حاجی کیمپ کا علاقہ ڈسٹرب ہے، انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی انتظامات کے تحت حاجی کیمپ جانے والی سڑکوں کو بند کردیا جاتا ہے، احتجاج کے دوران گاڑیاں حاجی کیمپ کی اندرونی سڑک کو استعمال کرتی ہیں۔

گذشتہ روز بھی ایک آئل ٹینکر حاجی کیمپ کے سامنے کیچڑ میں دھنس گیا جس کے نتیجے میں واٹر بورڈ کی36انچ کی لائن پھٹ گئی اور حاجی کیمپ کے سامنے کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا جس سے کیمپ میں داخلے کا راستہ بند ہوگیا، عازمین حج نے شکایت کی ہے کہ انتظامیہ نے حاجی کیمپ کے اطراف صحت و صفائی خصوصاً سیوریج کے نظام اور سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کیلیے اقدامات نہیں کیے۔