ورلڈ کپ شروع ہوتے ہی کیویزکو بیماریوں نے گھیرلیا

ویٹوری، سائوتھی اورروب نکول مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے، ملزاور جیکب اورم انجرڈ


Sports Desk September 19, 2012
ویٹوری، سائوتھی اورروب نکول مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے، ملزاور جیکب اورم انجرڈ فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ شروع ہوتے ہی نیوزی لینڈ ٹیم کو بیماریوں نے گھیر لیا۔

سینئر کھلاڑی ڈینیئل ویٹوری، فاسٹ ٹم سائوتھی اور آل رائونڈر روب نکول مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں، سائوتھی اور نکول تو منگل کی صبح باقی ٹیم کے ہمراہ کینڈی نہیں جا سکے تاہم حالت قدرے بہتر ہونے پر ان کی بھی کولمبو سے روانگی متوقع تھی۔

نیوزی لینڈ کے میڈیا منیجر ایلن ٹاپن کا کہنا ہے کہ پیرکی شب دونوں کی طبیعت کافی خراب تھی مگر دوپہر تک کافی سنبھل چکے اس لیے وہ بھی کینڈی روانہ ہوجائیں گے، پالے کیلی میں کیوی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف جمعے کو پہلا میچ کھیلے گی۔ سائوتھی نے بیماری کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ بھی نہیں کھیلا تھا جس میں ان کی ٹیم کو 9 رنز سے شکست ہوئی۔

اس سے قبل کیویز کو پہلے پریکٹس میچ میں بھی آسٹریلیا کے ہاتھوں 56 رنز کی ناکامی سے دوچار ہونا پڑا تھا۔ ڈینیئل ویٹوری بھی پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے مگر اب وہ بھی کافی بہتر ہیں ان کے بارے میں کوچ مائیک ہیسن نے کہاکہ ویٹوری کافی کمزوری محسوس کررہے تھے مگر اب حالت بہتر ہورہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کائل ملز اور جیکب اورم کو بھی مختلف انجریز لاحق ہیں۔