شہری کی عدم بازیابی 3پولیس افسران معطل کرنے کا حکم

ایچ ای سی کی حیثیت تبدیل کرنے کیخلاف درخواست فریقین کی رضا مندی سے نمٹادی گئی۔


Staff Reporter September 19, 2012
سندھ ہائیکورٹ نے شہری کی عدم بازیابی پر ڈی آئی جی سکھر کو تین پولیس افسران کو معطل کرنے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد انور باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہری کی عدم بازیابی پر ڈی آئی جی سکھر کو تین پولیس افسران کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ4 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

فاضل بینچ نے قوم پرست تنظیم کے لاپتہ کارکن صوبت کھوسو کی بازیابی کیلیے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ڈی ایس پی خیرپور میرس قادر چانڈیو، ایس ایچ او رانی پور اور ایس ایچ او ڈہرکی کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معاملات میں حکومتی مداخلت کیخلاف دائر درخواست فریقین کی باہمی رضا مندی سے نمٹا دی، ڈپٹی اٹارنی جنرل عاشق رضا نے جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کو بتایا کہ حکومت ہائیر ایجوکیشن کی حالت تبدیل نہیں کرنا چاہتی تاہم رابطے کیلیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ ڈویژن سے منسلک کیا گیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس فاروق چنہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت، پاکستان توڑنے کی سازش، ڈرون حملے روکنے،نیٹوں سپلائی پر پابندی عائد کرنے اور سیاسی و سماجی رہنمائوں، صحافی، غیرملکی تحقیقاتی اداروں و دیگرکے بیانات قلمبند کرانے سے متعلق آئینی درخواست پر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کردیے۔