کالعدم تحریک طالبان اور لیاری گینگ وار کے ملزمان کا ریمانڈ

قیدی کے فرار پر گرفتار پولیس اہلکار جیل روانہ،قتل کے 3 ملزمان کی ضمانت مسترد۔


Staff Reporter September 19, 2012
خاتون کو عدالت نے دارلامان بھیج دیا،مالیاتی اسکینڈل کے گواہ طلب،عدم حاضری پر وارننگ

جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری نے پولیس مقابلہ۔

اقدام قتل اور اسلحہ ایکٹ کے الزامات میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے دوست سمال اور نوراں گل کو 22 ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے اسی عدالت نے لیاری گینگ وار کے محمد رفیق عرف میمن اور محمد صدیق کو 21ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر ایس آئی یو کی تحویل میں دیدیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ممتاز سولنگی نے غفلت ولاپروائی کے مرتکب ہیڈ کانسٹیبل عمردراز اور پولیس اہلکار عامر اقبال کو جیل بھیج دیا ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے قتل کے الزام میں ملوث 3 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی،جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری نے قتل کے مقدمے کی مدعیہ پر قاتلانہ حملے کے بعد تحفظ فراہم کرتے ہوئے دارلا مان بھیج دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی حسن فیروز نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کرائم سرکل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مالیاتی اسکینڈل کے مقدمے میں استغاثہ کے گواہوں کو تفتیشی افسر کے ہمراہ 5 اکتوبر کو طلب کیا ہے عدالت نے گواہوں کو پیش کرنے کی ناکامی پر آئندہ وارنٹ گرفتاری کی وارننگ دی ہے۔