افغانستان سے شکست! بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے، افغان اوپنر کا انکشاف

ویب ڈیسک  منگل 12 دسمبر 2023
بابراعظم سے ملاقات کے اُس لمحے کو نہیں بھول سکتا، رحمان اللہ گرباز (فوٹو: ایکسپریس ویب)

بابراعظم سے ملاقات کے اُس لمحے کو نہیں بھول سکتا، رحمان اللہ گرباز (فوٹو: ایکسپریس ویب)

جارح مزاج اوپنر رحمان اللہ گرباز نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف غیر متوقع ہار کے بعد بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔

معروف یوٹیوبر مومن ثاقب کو دیئے گئے انٹرویو میں افغان ٹیم کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے کہا کہ بابراعظم سے بیٹ دینے کی درخواست کرنے کے بعد مجھے انکے جذبات کا اندازہ ہوگیا تھا، میں بابراعظم سے ملاقات کے اُس لمحے کو نہیں بھول سکتا، ہم نے پہلی بار پاکستان کو ون ڈے فارمیٹ میں شکست دی تھی اور یادگار کے طور پر پاکستانی کپتان سے بیٹ مانگا تھا تاہم جب بیٹ لیا تو وہ بہت مایوس تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ اس شکست کے بعد بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے، وہ بس رونے ہی والے تھے۔ شکست کے بعد ہر کوئی انکے خلاف تھا لیکن میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ ثابت قدم رہے اور ہمت نہیں ہاری، وہ موجودہ دور کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ کپتان بابراعظم نے افغان اوپنر کو بیٹ تحفے میں دیدیا

واضح رہے کہ رحمان اللہ گرباز کو قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے میچ کے بعد اپنا بیٹ تحفے میں دیدیا تھا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: افغانستان کیخلاف شکست؛ بابراعظم کی کپتانی پر سابق کرکٹرز نے سر پکڑ لیا

آئی سی سی ورلڈکپ میں قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، بعدازاں ناقص پرفارمنس کا اعتراف کرتے ہوئے بابراعظم نے تینوں فارمیٹ سے قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سے سبکدوش ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔