انگلینڈ کی آخری اوور میں 24 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کو ناقابل یقین شکست؛ ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  اتوار 17 دسمبر 2023
ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 223 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا، فوٹو: کرک انفو

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 223 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا، فوٹو: کرک انفو

 لندن:  انگلش ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ہیری بروک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 5 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کی یقینی فتح کو شکست میں تبدیل کردیا۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والا یہ ٹی ٹوئنٹی میچ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کے سنسنی خیز ڈرامائی میچوں میں سے ایک ثابت ہوا۔ انگلینڈ کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے کے لیے آخری 6 گیندوں پر 21 رنز درکار تھے۔

پچ پر اُس وقت سنچری کرنے والے اور اب تک کے سب سے سیٹ بلے باز فل سالٹ بھی موجود تھے لیکن آخری اوور کا معرکہ سر کرنے کا دلیرانہ فیصلہ پچ پر نئے آنے والے بلے باز ہیری بروک نے کیا۔

ہیری بروک کے سامنے آخری اوور میں صرف 21 رنز ہی نہیں بلکہ انھیں یہ اسکور ویسٹ انڈیز کے خطرناک باؤلر آندرے رسل کے خلاف کرنا تھا جو ڈیتھ اوورز میں بلے بازوں کو پچ سے باہر نکلنے کیلیے بمشکل ایک انچ جگہ دیتا ہے۔

آندرے رسل کی بلے باز کی ٹانگوں میں پھینکی گئی پہلی گیند کو ہیری بروک نے باؤنڈری کی راہ دکھائی۔ دوسری گیند زرا سے باہر ملی تو ہیری بروک نے مضبوط کلائی کا استعمال کرتے ہوئے بال باؤنڈری سے باہر پھینک کر 6 رنز مزید بنالیے۔

2 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ہیری بروک کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور برطانوی شائقین بھی پُرجوش ہوگئے۔ ڈریسنگ روم میں انگلش ٹیم کا بھی اعتماد بحال ہونے لگا جو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد سے متزلزل تھا۔

ہیری بروک نے اپنی ٹیم کے بحال ہوتے اعتماد کو اُس وقت مزید مستحکم کیا جب تیسری فل ٹاس گیند پر فائن لیگ باؤنڈری پر چھکا لگا دیا۔ اب اگلی 3 گیندوں پر محض 5 رنز بنا درکار تھے۔

اس موقع پر ویسٹ انڈریز کے کپتان اور سینیئر کھلاڑی سر جوڑ کر کھڑے ہوگئے اور اگلی گیندوں کی منصوبہ بندی کرنے لگے۔

صلاح مشورے کے بعد آندرے رسل ایک ایسی گیند پھینکنے کے لیے دوڑے جس سے وہ ہیری بروک کو پویلین بھیج کر اپنی ٹیم کو دوبارہ میچ میں لاسکیں لیکن یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔

چوتھی بال شارٹ پچ تھی جسے ہیری بروک نے باؤنڈری کی راہ دکھانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے اور صرف دو رنز بنے لیکن اسٹرائیک دوبارہ ہیری بروک کو مل گیا اور ہدف بھی دو گیندوں پر 3 رنز رہ گیا۔

ہانچویں بال حسب توقع ایک فل ڈلیوری تھی جسے ہیری بروک نے کمال مہارت سے تھرڈ مین پر باؤنڈری کے باہر پھینک کر ایک گیند قبل ہی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ سیزیر اب  1-1 سے برابر ہوگئی۔

56 گیندوں پر 109 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہنے والے اوپنر فل سالٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے 223 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند پہلے ہی حاصل کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔