سب میرین فورس کی گولڈن جوبلی پر 25 روپے کے یادگاری سکے کااجرا ہوگا

سکے کا وزن 12 گرام اور یہ 75 فیصد تانبے اور 25 فیصد نکل پر مشتمل ہے


Business Reporter May 31, 2014
سکے کا وزن 12 گرام اور یہ 75 فیصد تانبے اور 25 فیصد نکل پر مشتمل ہے. فوٹو؛فائل

بینک دولت پاکستان 2 جون 2014 سے پاکستانی نیوی سب میرین فورس کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام دفاتر کے کاؤنٹرز سے 25 روپے کے یادگاری سکے جاری کریگا۔

یہ اجرا وفاقی حکومت کے 27 مئی 2014 کے نوٹیفکیشن کی تعمیل میں کیا جارہا ہے، سکے کا وزن 12 گرام اور یہ 75 فیصد تانبے اور 25 فیصد نکل پر مشتمل ہے، سکہ گول ہے اور کنارے پر چھوٹے چھوٹے دانے ہیں، اس کا قطر 30 ملی میٹر ہے، سکے کے سامنے کے رخ پر بیچ میں بڑھتا ہوا ہلال اور 5نوکوں والا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔

ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں 'اسلامی جمہوریہ پاکستان' کندہ ہے، ہلال کے نیچے اور گندم کی 2بالیوں کے اوپر عددی صورت میں سکے کی قیمت 25 اور لفظ 'روپیہ' اردو میں ستارہ و ہلال کے دائیں بائیں لکھا ہے، سکے کے پورے کنارے پر چھوٹے دانوں کا دائرہ ہے، پچھلے رخ پر بیچ میں پاکستان نیوی سب میرین فورس کا مونوگرام ہے، سکے کے اوپری کنارے کے ساتھ اردو میں پاکستان نیوی سب میرین فورس کے الفاظ لکھے ہیں، پاکستانی بحریہ کے مونو گرام کے نیچے 1964-2014 عددی صورت میں اور اردو میں 'گولڈن جوبلی' کندہ ہے۔