پی ایس ایل، بگ بیش لیگ کے حوالے سے بڑی پیشرفت؛ شیڈول متصادم نہیں ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 11 جنوری 2024
 (فوٹو: ایکسپریس ویب)

(فوٹو: ایکسپریس ویب)

 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کا شیڈول متصادم نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے پی ایس ایل کمشنر نائلہ بھٹی کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کانفرنس میں بتایا کہ حالیہ دورہ آسٹریلیا میں چند معاملات پر اہم پیش رفت ہوئی، باقاعدہ معاہدہ بھی جلد ہوجائے گا۔

دونوں بورڈز میں طے پایا ہے کہ آئندہ پی ایس ایل اور بگ بیش لیگ کو الگ تاریخوں پر شیڈول کیا جائے گا تاکہ شائقین دونوں ایونٹس میں شاندار مقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں، دونوں بورڈز ان لیگز میں کرکٹرز کی دستیابی یقینی بنانے کیلیے این اوسی کے معاملات میں آسانی لائیں گے، آسٹریلیا پاکستانی کیوریٹرز کی ٹریننگ میں معاونت فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل؛ براڈکاسٹنگ رائٹس 6 ارب 30 کروڑ میں فروخت

پچ بنانے کی تربیت کیلیے پاکستانی کیوریٹرز آسٹریلیا جائیں گے، ٹیکنالوجی کے معاملے میں بھی معاونت دی جائے گی۔

کرکٹرز کو مستقبل میں سخت چیلنجز کی تیاری کے مواقع فراہم کرنے کیلیے انڈر19، ویمنز اور اے ٹیموں کی ٹورز شیڈول کیے جائیں گے،پاکستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے باؤنسی ٹریکس اور آسٹریلوی پلیئرز کو ایشین کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوگا، اس منصوبے میں تیسری ٹیم ممکنہ طور پر جنوبی افریقہ کی ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل9؛ فرنچائزز کو خزانے بھرنے کیلیے براڈ کاسٹنگ رائٹس سے امیدیں

ذکا اشرف نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستان نے نئے ٹیلنٹ کو مواقع دیے،انھوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار بھی کیا،مستقبل میں مثبت نتائج حاصل کرنے کیلیے ہی مشترکہ ڈیولپمنٹ پروگرامز شروع کررہے ہیں تاکہ ہمارے کرکٹرز کیلیے آسٹریلیا کی کنڈیشنز اجنبی نہ رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔