چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے میچز پشاور میں بھی کھیلے جائیں گے، جبکہ لیگ کا افتتاحی میچ بھی اسی شہر میں منعقد ہوگا۔ پی ایس ایل کی 12 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور کو ایونٹ کے میزبان شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔
پشاور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے شائقین طویل عرصے سے اپنی سرزمین پر پی ایس ایل کے انعقاد کے منتظر تھے اور لیگ کو یہاں لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا۔ اس موقع پر پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پشاور کے عوام لیگ کا اسی جوش و خروش سے خیرمقدم کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوری میں پشاور میں سہ فریقی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور شہر میں بین الاقوامی کرکٹ بحال کی جائے گی۔ قبائلی اضلاع میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اکیڈمی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر خیبر پختونخوا میں گزشتہ 13 سال کے دوران نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہ ہونے اور عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال کرنے کے فیصلے کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، کرکٹ میں ٹیلنٹ آرہا ہے ہم یہ ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دیں گے، قبائلی علاقوں کے لیے کرکٹ اکیڈیمی بنا رہے ہیں۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس کا لیگ اور بالخصوص پشاور کے شائقین گزشتہ 12 سال سے انتظار کر رہے تھے۔ ان کے مطابق پی ایس ایل 12 میں چھٹے وینیو کے اضافے سے لیگ کی ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی کہا کہ پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے پرانا نام دوبارہ بحال کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 سال سے خیبرپختونخوا میں کوئی کرکٹ اسٹیڈیم نہیں بنا۔