بھارتی ٹیسٹ کپتان شبمن گل نے گیندوں کے معیار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کرکٹ میں گیند کو چمکانے کے لیے دوبارہ تھوک کے استعمال کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔
شبمن گل کا کہنا تھا کہ وکٹ میں بولرز کے لیے مدد موجود نہ ہو اور دوسری جانب گیند بھی جلد نرم پڑ جائے تو بولرز کے لیے وکٹیں حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں استعمال ہونے والی کوکابورا گیند 25 سے 30 اوورز کے بعد ہی بہت نرم ہوگئی تھی جبکہ گزشتہ سال انگلینڈ میں بھی ابتدائی تین سے چار میچز کے دوران ڈیوکس گیند جلد نرم ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھ سے باہر ہے کہ آیا گیندوں کا معیار کم ہوگیا ہے یا اس کی کوئی اور وجہ ہے۔ ایسی صورتحال میں جب پچ سے گیند بازوں کو سوئنگ یا موومنٹ نہ ملے اور گیند بھی نرم ہوجائے تو وکٹیں لینا مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ بیٹ کے کنارے سے لگنے والی گیندیں بھی اکثر فیلڈرز تک نہیں پہنچ پاتیں۔
شبمن گل نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے دوران گیند پر تھوک لگانے پر پابندی عائد کی گئی تھی لیکن اب کورونا کے دور کو گزرے سات سے آٹھ سال ہوچکے ہیں، اس لیے انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اب تک اس پابندی کو برقرار کیوں رکھا گیا ہے۔
بھارتی کپتان کے مطابق گیندوں کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بولرز کو گیند چمکانے کے لیے تھوک استعمال کرنے کی اجازت بھی دی جانی چاہیے کیونکہ یہ عنصر بھی بولرز کی کارکردگی پر اثر انداز ہوتا ہے۔