سینیئر اداکار طلعت حسین ڈیمینشیا کا شکار ہوگئے

ویب ڈیسک  بدھ 31 جنوری 2024
سینیئر اداکار طلعت حسین کی طبعیت ناساز ہے : فوٹو : فائل

سینیئر اداکار طلعت حسین کی طبعیت ناساز ہے : فوٹو : فائل

  کراچی: شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی اور اُن کی اہلیہ ثنا فیصل نے پاکستان کے لیجنڈری سینیئر اداکار طلعت حسین میں ڈیمینشیا کے مرض کی تصدیق کردی۔

حال ہی میں فیصل قریشی نے اپنی اہلیہ ثنا فیصل کے ہمراہ اداکار طلعت حسین کے گھر جاکر اُن سے ملاقات کی جس کی ویڈیو بھی اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔

ویڈیو میں فیصل قریشی اپنی نئی فلم کے حوالے سے طلعت حسین کو بتارہے ہیں کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے بہت جلد لاہور جائیں گے اور اس فلم میں وہ ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔

طلعت حسین اپنی اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ فیصل قریشی بہت اچھے انسان ہیں اور سب ان کی نئی فلم کے لیے تیار ہوجائیں۔

فیصل قریشی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “طلعت حسین کا پیار اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہی ہیں، اللہ پاک ان کی یہ مسکراہٹ ہمیشہ ایسے ہی قائم رکھے، آمین”۔

دوسری جانب فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا فیصل نے بھی اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر سینیئر اداکار طلعت حسین سے ملاقات کی ویڈیو پوسٹ کی اور کہا کہ “لیجںڈ طلعت حسین صاحب سے ملاقات کرنا اعزاز کی بات ہے”۔

ثنا فیصل نے کہا کہ “میں انہیں بچپن سے ہی ٹی وی پر دیکھتی آئی ہوں، یہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک حقیقی چراغ ہیں، انہوں نے ہمیں بہترین ڈراموں اور فلموں سے لیکر حیرت انگیز تحریریں بھی دیں”۔

اُنہوں نے اداکار طلعت حسین میں ڈیمنشیا کے مرض کی تصدیق کرتے ہوئے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا بھی کی۔

 

 

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Sana Faysal (@sanafaysal)

ڈیمینشیا کیا ہے؟

ڈیمینشیا ایک دماغی بیماری ہے اور اس میں ذہنی جبلتوں کا انحطاط شروع ہو جاتا ہے۔ اس مرض کے مریضوں کو سوچنے، سمجھنے اور یاد رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ مریض اپنے جذبات، رابطہ کاری اور روزمرہ کے کام انجام دینے میں کمزوری محسوس کرتے ہیں، ان مریضوں کو اعضاء کے کمزور ہونے کے ساتھ ساتھ سمجھ بوجھ میں بھی نقاہت کا سامنا ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: اداکار طلعت حسین کی طبعیت ناساز، بیٹی کی مداحوں سے دعا کی درخواست

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں طلعت حسین کی بیٹی تزین حسین نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے والد طلعت حسین کو یادداشت کے کافی مسئلے درپیش ہیں، ان کے والد کو لوگوں کو یاد نہیں رکھ پارہے، یہاں تک کہ وہ لوگوں کے نام بھی بھول رہے ہیں۔

اُنہوں نے تمام مداحوں سے درخواست کی تھی کہ  وہ ان کے والد کی صحت یابی کے لیے دعائیں کریں تاکہ وہ جلد از جلد ہشاش بشاش ہوجائیں اور اسکرین کے پردے پر نظر آسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔