حماد اظہر کی انتخابات میں مداخلت کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرنے کی تجویز

ہماری عدلیہ کو جمہوریت اور آئین کے حق میں کھڑے ہونے کا وقت ہے، حماد اظہر


ویب ڈیسک February 11, 2024
حماد اظہر نے پارٹی کی کور کمیٹی کو تجویز دے دی—فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے اپنی پارٹی کو تجویز دی ہے کہ انتخابات میں مداخلت کے خلاف عالمی عدالت میں درخواست دائر کی جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حماد اظہر نے کہا کہ 'میں اپنی جماعت کی کور کمیٹی (سی سی) کو تجویز دوں گا کہ پاکستان میں جمہوری عمل میں مداخلت، آئین کی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے خلاف عالمی عدالت میں درخواست دائر کی جائے'۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ 'ہماری عدلیہ کو جمہوریت اور آئین کے حق میں کھڑے ہونے کا وقت ہے'۔

 

 

خیال رہے کہ 8 فروری کو پاکستان میں عام انتخابات کا انعقاد ہوا لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے نتائج میں ردوبدل کا الزام عائد کیا گیا اور احتجاج کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان نے حماد اظہر کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'ان شااللہ اس کو دیکھیں گے'۔





 

سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے بھی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'میں اس تجویز کی پرزور حمایت کرتا ہوں، ہمیں فوری طور پر کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنا چاہیے اور اس تجویز کی منظوری دی جانی چاہیے'۔