فرنچ اوپن جوکووک نے گلبز کے بڑھتے طوفان کو روک لیا

کل فیصلہ کن معرکے میں نڈال سے مقابلہ،اینڈی مرے ناکام،ہائش سو وائی اور پینگ شوئی ویمنز ڈبلز فائنل میں پہنچ گئیں


Sports Desk/AFP June 07, 2014
کل فیصلہ کن معرکے میں نڈال سے مقابلہ،اینڈی مرے ناکام،ہائش سو وائی اور پینگ شوئی ویمنز ڈبلز فائنل میں پہنچ گئیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نووک جوکووک نے فرنچ اوپن ٹرافی کی جانب ارنسٹ گلبز کے بڑھتے طوفان کو روک لیا، فیصلہ کن معرکے میں اتوار کو ان کا سامنا چار مرتبہ کے دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ رافیل نڈال سے ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے کو ٹھکانے لگادیا۔

ویمنز ڈبلز میں ٹاپ سیڈ ہائش سو وائی اور پینگ شوئی نے سیمی فائنل مرحلہ عبور کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کے مینز سنگلز سیمی فائنلز میں حسب توقع دونوں ٹاپ سیڈڈ پلیئرز نے کامیابیاں حاصل کرلیں، سیکنڈ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک نے گلبز کو6-3 ، 6-3 ، 3-6 اور6-3 سے شکست دی، گلبز اس سے قبل اپنی راہ میں آنے والے سابق چیمپئن راجرفیڈرر اور ٹوماس بریڈیچ جیسے معروف پلیئرز کو ٹھکانے لگا چکے تھے، جوکووک نے کیریئر کے13ویں اور فرنچ اوپن کے فائنل میں دوسری مرتبہ رسائی حاصل کی۔

ان کے پاس اتوار کو ٹائٹل جیتنے کی صورت میں چاروں گرینڈ سلم جیتنے والے ٹینس تاریخ کے آٹھویں کھلاڑی بننے کا موقع ہے، وہ اب تک فرنچ اوپن ٹرافی اپنے شوکیس میں نہیں سجا پائے، دوسرے فائنل فور میچ میں دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے انگلش حریف اینڈی مرے کو 6-3،6-2 اور6-1 سے زیر کرلیا،8 مرتبہ کے فاتح نڈال لگاتار پانچویں مرتبہ ٹرافی اپنے قبضے میں کرنے سے ایک فتح کی دوری پر ہیں، اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب رہے تو سابق سوئیڈش پلیئر بورن برگ کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

ٹائٹل جیتنے پر ان کے گرینڈ سلم کی تعداد 14 ہوسکتی ہے، جس پر وہ آل ٹائم فاتحین میں دوسری نمبر پر پیٹ سمپراس کے ہمسر بن جائیں گے، راجرفیڈرر 17 گرینڈ سلم فتوحات کے ساتھ سب سے آگے ہیں، ادھر ویمنز ڈبلز سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی اور چینی کھلاڑی پینگ شوئی نے اسپینش حریفوں گاربین مگروزا اور کارلا سواریز نیوارو کو 6-2،5-7 اور6-2 سے مات دے دی، سیکنڈ سیڈ اطالوی پلیئرز سارا ایرانی اور روبریٹا ونسی نے جمہوریہ چیک کی لوسیا ہارڈیکا اور ڈچ کھلاڑی مچیلا کرائیجک کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2 اور6-1 سے زیر کرلیا۔