چینی کمپنی کی مقامی کوئلے سے پاورپلانٹس لگانے میں دلچسپی

چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے اعلیٰ سطح کے وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات


این این آئی June 09, 2014
حکومت کی بہترین پا لیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا،شہبازشریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے نائب صدر لی جنگ کائی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں توانائی سیکٹر میں تعاون خصوصاً صوبے کے مقامی کوئلے سے پاور پلانٹس لگانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن نے پنجاب میں مقامی کوئلے سے پاور پلانٹس لگانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سی ایم ای سی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دوستانہ روابط سودمند معاشی تعلقات میں بدل چکے ہیں۔ چین کی متعدد کمپنیاں توانائی ،ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جس کی بنیادی وجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی بہترین معاشی اور سرمایہ کاری پالیسیاں ہیں جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کیلیے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت نے مقامی کوئلے سے پاور پراجیکٹس شروع کرنے کیلیے صوبے میںابتدائی طو رپر 4 مقامات کا انتخاب کیا ہے جبکہ ساہیوال میں چین کی کمپنیوں کے کنسوریشم کی سرمایہ کاری سے 1320میگا واٹ کے کول پاور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیاہے۔ اسی طرح چولستان میں 100میگاواٹ کے سولر منصوبے پر دن رات کام جاری ہے جو رواں برس کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قائد اعظم سولر پارک میں 1000میگا واٹ سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگائے گی۔

ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، حکومت وقت ضائع کیے بغیر توانائی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کررہی ہے جس کی ایک روشن مثال نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح ہے جس کی پہلی ٹربائن نے صرف 7ماہ کی ریکارڈ مدت میں کام شروع کیا اور نیشنل گرڈ میں 100میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی کوئلے سے پاور پلانٹس کی تنصیب کے لئے محکمہ معدنیات اور محکمہ توانائی مربوط لائحہ عمل تیار کریں اور تیز رفتاری سے آگے کی جانب بڑھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کی جانب سے مقامی کوئلے سے پاورپراجیکٹس میں دلچسپی کے اظہار کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔سی ایم ای سی کے نائب صدر لی جنگ کائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہماری کمپنی پنجاب میں مقامی کوئلے سے پاور پراجیکٹس لگانا چاہتی ہے اور ہم اس ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان، سیکریٹری معدنیات ،چیئرمین قائد اعظم سولر پارک عارف سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مقبول خبریں