پی ایس ایل9؛ میچز نہ ہونے کی صورت میں ٹکٹ کیسے واپس ہوں گے؟ جانیے

ویب ڈیسک  اتوار 3 مارچ 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تفصیلات جاری کردیں (فوٹو: ایکسپریس ویب)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تفصیلات جاری کردیں (فوٹو: ایکسپریس ویب)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ہفتے کے روز واش آؤٹ ہونے والے مقابلوں کے ٹکٹس کی واپسی سے متعلق پی سی بی نے اہم اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں بارش سے متاثرہ میچز کے ٹکٹس کی واپسی کیلئے شائقین کرکٹ 12 مارچ تک مختلف پرانچز کے مراکز سے رقم کی واپسی کی درخواست دے سکتے ہیں۔

ٹکٹ کی واپسی پر رقم کی وصولی کیلئے شائقین کرکٹ کو اصل شناختی کارڈ پیش کرنا ہوگا، جس سے میچ کا ٹکٹ حاصل کی گیا تھا جبکہ آن لائن خریدے گئے ٹکٹ ادائیگیاں خریداروں کے بکنگ بینک اکاؤنٹس میں جمع کر دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل9؛ ٹکٹوں کی فروخت میں شائقین کی عدم دلچسپی

اسی طرح کارپوریٹ کے ذریعے خریدے گئے ٹکٹس صرف ادارے کو واپس کیے جاسکیں گے تاہم رقم کی واپسی کی انفرادی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔

ٹکٹ واپسی کی پالیسی مندرجہ ذیل ہے!

شق 2.1 کے مطابق “اگر کوئی میچ کسی بھی وجہ سے منسوخ کر دیا جاتا ہے، بشمول خراب موسمی حالات یا دیگر غیر متوقع حالات، ایسے میچ کے ٹاس سے پہلے، ٹکٹ ہولڈرز ٹکٹ کی قیمت کی مکمل واپسی کے اہل ہوں گے”۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل9؛ ’’آج سمجھ آگئی! کراچی کے لوگ اسٹیڈیم کیوں نہیں آرہے‘‘

شق 3.3 کے مطابق، ایک درست درخواست موصول ہونے کے 10 کاروباری دنوں کے اندر ریفنڈز پر کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاور قلندرز اور پشاور زلمی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث تمام ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔