رفح میں داخل ہوکر حماس کے خاتمے کا مشن مکمل کریں گے اسرائیلی وزیراعظم

رفح پر حملہ نہ کرنے کے عالمی دباؤ کا سامنا کروں گا، نیتن یاہو


ویب ڈیسک March 15, 2024
رفح پر حملہ نہ کرنے کے عالمی دباؤ کا سامنا کروں گا، نیتن یاہو ( فوٹو : فائل)

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر ہماری فوجیں رفح میں داخل بھی ہوں گی اور حماس کے خاتمے کے مشن کو مکمل بھی کریں گی۔

یروشلم پوسٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فوجی اڈے ''عوفر'' کا دورہ کیا اور 636 فیلڈ انٹیلی جنس یونٹ کے کمانڈروں اور فوجیوں سے ملاقات کی۔

فوجی اڈے کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو رفح میں داخل ہونے سے روکنے کے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں اس دباؤ کا سامنا کروں گا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اتحادی اور دوست ممالک جب حماس کو تباہ کرنے کے اسرائیل کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں تو پھر وہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہمارے اقدامات کی مخالفت کیوں کرتے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کی امدادی سامان کے منتظر فلسطینیوں پر گولہ باری؛20 شہید، 150 زخمی

وزیراعظم نیتن یاہو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم رفح میں نہ صرف داخل ہوں گے بلکہ اسرائیلی عوام اور ملک کی سلامتی کے لیے حماس کو ختم کرنے کے اپنے مشن کو مکمل کریں گے۔

یاد رہے کہ امریکا سمیت کئی مغربی ممالک نے رفح میں لاکھوں پناہ گزین فلسطینیوں کو محفوظ مقام تک منتقل کیے بغیر اسرائیل کو کسی بھی فوجی کارروائی نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکا اور مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے معصوم شہریوں کا انخلا نہیں کیا تو رفح میں کسی بھی فوجی کارروائی میں انسانی جانوں کے بڑے پیمانے پر نقصان کا احتمال ہے۔

تاہم اسرائیل نے مغربی ممالک کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے رفح جہاں 23 لاکھ فلسطینی پناہ لیے ہوئے، پر بڑے فوجی حملے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں