دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گاعسکری قیادت

پاک فوج ملکی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی،فارمیشن کمانڈرز کاعزم


Numainda Express June 12, 2014
کورکمانڈرز اور فارمیشن کمانڈرز نےملک کی اندرونی و بیرونی صورت حال پر غور کیاگیا ۔ فوٹو : پی پی آئی

PESHAWAR: عسکری قیادت نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی کولاحق اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنےکے لئے پوری طرح تیار ہے اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے گا۔

آئی ایس آئی آر کے مطابق کانفرنس میں تمام کورکمانڈرز اور فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، کانفرنس کے شرکا نے ملک کی اندرونی و بیرونی صورت حال پر غور کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات بالخصوص کراچی ایئرپورٹ حملے پر تفصیل سے بات کی۔

اجلاس میں پاک افغان سرحد پر واقع پاکستانی چوکیوں پر ہونے والے سرحد پار دہشت گرد حملے بھی زیر غور آئے اور ساتھ ہی افغانستان کی صورت حال اور وہاں سے نیٹو افواج کے انخلاکے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار بھرپور طریقے سے اعادہ کیا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی اور اس حوالے سے کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی۔دہشت گردوں کی بیخ کنی کی جائے گی اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرنے کے لئے ہونے والی حالیہ فضائی کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور اس امر پر اطمینان کا اطہار کیاگیا کہ ان حملوں کے اہداف کے حصول میں کامیابی ہوئی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ فارمیشن کمانڈرز کے اجلاس میں بھارت سے ملنے والی سرحد پر تازہ ترین صورت حال پر بھی غور ہوا۔

مقبول خبریں