منافع خور سرگرم دالوں کی قیمت 10 روپے کلو بڑھا دی

مونگ 10 روپے بڑھ کر 165، ماش 128، مسور 105، چنے کی دال 70 روپے کلو ہوگئی


INP June 14, 2014
مونگ 10روپے بڑھ کر 165، ماش 128، مسور 105، چنے کی دال 70 روپے کلو ہوگئی. فوٹو: فائل

SYDNEY: رمضان کی آمد سے قبل ہی منافع خور میدان میں آگئے۔ روپیہ مستحکم ہونے سے درآمدی دالوں کی ہول سیل سطح پر تو قیمتیں کم ہوئی ہیں لیکن ریٹیل سطح پر دالوں کی فی کلو قیمت میں 10 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی منافع خور مافیا نے عوام کی جیبوں پر شب خون مارنے کی تیاریاں کرلی ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں کمی اور روپیہ مستحکم ہونے کے باوجود مقامی ریٹیل مارکیٹوں میں دالوں کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی۔ رمضان سے قبل ہی منافع خوروں نے مصنوعی قلت کو جواز بناتے ہوئے مختلف دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق مونگ کی دال 10 روپے اضافے سے 165 روپے کلو کردی گئی۔ ماش کی دال 8 روپے اضافے سے128 روپے کلو ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ مسور کی دال 5 روپے مہنگی ہوکر 105 روپے کلو جبکہ چنے کی دال 4 روپے اضافے سے 70 روپے کلو ہوگئی جس کے سبب عوام کیلیے دال روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے۔