صوبہ کمیشن میں ہزارہ کو بھی نمائندگی دی جائے شجاعت

پیپلزپارٹی کی حکومت سے ہزارہ صوبہ بنانے کا وعدہ پوراکرائیں گے ،سربراہ ق لیگ.


Numainda Express September 20, 2012
پیپلزپارٹی کی حکومت سے ہزارہ صوبہ بنانے کا وعدہ پوراکرائیں گے ،سربراہ ق لیگ۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ق)کے صدر سینیٹرچوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں نئے صوبوں کے ساتھ خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبہ بھی بنے گا۔

نئے صوبوں کے کمیشن میں ہزارہ کوبھی نمائندگی دی جائے، اپنی رہائشگاہ پر صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین سردارمحمد یوسف کی قیادت میں وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے ہزارہ تحریک کے رہنمائوں کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اورکہا کہ وہ روزاول سے صوبہ ہزارہ کے حامی ہیں، صدرآصف زرداری کے ساتھ ملاقات کرکے ہزارہ صوبے کے قیام میں پیشرفت کے لیے بات کروں گا۔ جب پنجاب میں نئے صوبہ بنیں گے تو ہزارہ کا بھی صوبہ بنے گا، پیپلزپارٹی نے ہمارے ساتھ وعدہ کیاتھا کہ ہزارہ صوبہ بنایا جائے گا اور ہم حکومت سے یہ وعدہ پوراکرائیں گے۔

انھوںنے کہا کہ وہ ہزارہ کے عمائدین کی صدر سے ملاقات بھی کرائیں گے۔ سردار محمد یوسف نے نئے صوبوں کے لیے قائم کیے گئے کمیشن میں ہزارہ صوبے کونمائندگی نہ دینے پرتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ق لیگنے وعدہ کیا تھا کہ ہزارہ صوبہ بنایا جائیگا لیکن ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔