وفاقی وزارت مذہبی امور نے سرکاری عازمین حج 2027 کے لیے اہم پیغام جاری کردیا ہے، جس کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کا آغاز 5 اکتوبر(پیر) سے ہوگا۔
ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری عازمین حج 2027 اپنی واجبات کی دوسری قسط 5 اکتوبر سے جمع کراسکیں گے، دوسری قسط 5 تا 20 اکتوبر تک جمع کرا سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حج واجبات کی دوسری قسط بھی پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے جمع ہوگی لہٰذا عازمین حج مقررہ تاریخ تک دوسری قسط کی ادائیگی یقینی بنائیں۔
ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ مقررہ تاریخ تک واجبات جمع نہ کروانے پر حج درخواست منسوخ تصور ہوگی، درخواست منسوخی کے بعد جمع شدہ رقم عازم حج کے اکاؤنٹ میں واپس بھجوا دی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ دوسری قسط سے قبل اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل حج پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔
ترجمان نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری عازمین حج مقررہ تاریخ سے قبل تمام مطلوبہ کارروائی مکمل کرلیں۔