نوشکی میں نامعلوم افراد نے 9 مسافروں سمیت 11 افراد کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اپريل 2024
متاثرہ بس کی تصویر (فوٹو : انٹرنیٹ)

متاثرہ بس کی تصویر (فوٹو : انٹرنیٹ)

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے میں قومی شاہراہ 40 پر نامعلوم افراد نے 2 واقعات میں 9 مسافروں سمیت 11 افراد کو قتل کردیا جن کا تعلق پنجاب سے تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسٰی خیل نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ کو بند کرکے نہ رُکنے پر ایک کار پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ٹائر برسٹ ہونے سے گاڑی اُلٹ گئی جس سے اس میں سوار ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ گاڑی الٹنے اور فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص بعدازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار بھی زخمی ہوا۔

دوسرے واقعے میں مسلح افراد نے ایک بس کو روکا اور شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد اس میں سوار 9 مسافروں کو اُتار کر اغوا کرلیا اور قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے۔ بعدازاں کچھ فاصلے پر ایک پُل کے نیچے سے اغوا ہونے والے تمام 9 مسافروں کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بس مسافروں کے اغواء کے بعد قتل کے اندوہناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم نے اس لرزہ خیز واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مقتولین کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کی بلندی ء درجات کی دعاء کی۔

وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشتگردی کی اس واقعے کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

تین افراد کا تعلق گوجرانوالہ، چھ کا تعلق منڈی بہاء الدین سے، نوجوان یورپ جارہے تھے

اطلاعات کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہوئے 3 افراد کا تعلق گوجرانوالہ سے اور 6 افراد کا تعلق منڈی بہاء الدین سے ہے۔

جاں بحق افراد میں شامل شاہ زیب کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقہ قلعہ دیدار سنگھ سے ہے۔ صدیق اکبر ٹاؤن کا رہائشی جاوید شہزاد بھی جاں بحق افراد میں شامل ہے۔ وزیرآباد کے علاقہ جوڑا چوڑا کا رہائشی واسق فاروق بھی شامل ہے۔

6 افراد کا تعلق منڈی بہاء الدین کے نواحی علاقے چک فتح شاہ سے ہے ان میں تنزیل ناصر، محمد قاسم، محمد ابوبکر، ساجد عمران، مظہر اقبال اور مزمل حسین شامل ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد ایران کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانا چاہتے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔