انجینئرنگ جامعات کے داخلہ ٹیسٹ کا شیڈول طے نہ ہوسکا ٹیوشن مافیا پیسہ کمانے میں مصروف

اتھارٹی انٹرکے نتائج سے قبل انجینئرنگ جامعات کے داخلہ ٹیسٹ نہیں کراسکی،بعض افسرٹیوشن مافیا کے مفاد میں ٹیسٹ سے گریزاں


Safdar Rizvi June 19, 2014
انٹر پری انجینئرنگ کے نتائج اگست میں جاری ہونگے،ڈیڑھ ماہ تک ٹیسٹ کاانعقادمعدوم،ٹیوشن سینٹرزطلباسے ہزاروں روپے بٹورنے لگے۔ فوٹو: فائل

صوبہ سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی گورنر سیکریٹریٹ انجینئرنگ جامعات کے داخلہ ٹیسٹ کاشیڈول طے کرنے میں ناکام ہوگئی جس کی وجہ سے ٹیوشن مافیا طلبا سے پیسہ بٹورنے میں مصروف ہے۔

کنٹرولنگ اتھارٹی آئی بی اے کی طرز پر ٹیوشن مافیا کا راستہ روکنے کے لیے انٹرکے نتائج سے قبل انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے داخلہ ٹیسٹ نہیں کراسکی، شہر بھر میں ٹیوشن مافیا طلبا سے ٹیسٹ کی تیاری کے نام پر کروڑوں روپے لوٹنے میں پھر کامیاب ہوگئی، تفصیلات کے مطابق گورنرسیکریٹریٹ کی جانب سے انجینئرنگ جامعات کے داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کافیصلہ نہ کرنے اور رمضان کی آمد کے پیش نظر اب مزید ڈیڑھ ماہ تک انجینئرنگ جامعات کے داخلہ ٹیسٹ کے انعقادکے امکانات معدوم ہوگئے ہیں جس کے باعث ٹیوشن مافیا نے این ای ڈی اور دیگر انجینئرنگ جامعات کے ٹیسٹ کی تیاری کروانے کیلیے ہزاروں روپے فی طالب علم کے حساب سے ٹیسٹ کی تیاری کا کاروبارشروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر سیکریٹریٹ کے بعض افسر ٹیوشن مافیا کیلیے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور وہ ٹیسٹ کا انعقاد انٹرکے نتائج کے اجرا سے قبل کرانے کی تجویز سے صرف اس لیے اتفاق نہیں کرتے کہ اس سے ٹیوشن مافیاکا نقصان ہوگا واضح رہے کہ گورنرسندھ کے احکامات کے بعد چانسلرآفس نے این ای ڈی سمیت دیگر جامعات سے داخلہ ٹیسٹ انٹرکے نتائج سے قبل کروانے کے سلسلے میں تفصیلی سمری منگوائی تھی اور این ای ڈی یونیورسٹی نے تحریری طورپرآمادگی ظاہرکی تھی جبکہ ٹیسٹ انٹرکے نتائج سے قبل اور بعد دونوں صورتوں میں منعقدکروانے کیلیے رپورٹ گورنرسیکریٹریٹ کوپیش کی تھی تاہم گورنرسیکریٹریٹ کے متعلقہ افسرڈیڑھ ماہ سے اس رپورٹ کو دبائے بیٹھے ہیں۔

انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزکا اجلاس بلایا جاسکا اور نہ ہی داخلہ ٹیسٹ انٹرکے امتحانات سے قبل لیے جانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہوسکا ہے ، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر پری انجینئرنگ کے نتائج اگست میں جاری ہوں گے، ذرائع کے مطابق اب گورنرسیکریٹریٹ رمضان کے بعد انٹرکے نتائج سے کچھ روز قبل ٹیسٹ کے انعقاد کے احکام جاری کرنے پر غورکررہا ہے، سیکڑوں ٹیوشن سینٹر انجینئرنگ کے داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کے لیے بھاری فیسیں وصول کرکے کلاسز شروع کرچکے ہیں۔

مقبول خبریں