عدالتی حکم عدولی لیاری یونیورسٹی اور آئی بی اے سکھر کے سربراہ عہدوں پر برقرار

حکومت نے عدالتی حکم پرجزوی عمل کرتے ہوئے تیسری مدت پوری کرنیوالے ڈؤ اور سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلروں کوفارغ کردیا


Safdar Rizvi June 20, 2014
دہرا معیار اپناتے ہوئے حکومت سندھ نے تیسری مدت گزارنے والے آئی بی اے سربراہ اورلیاری یونیورسٹی کے چانسلرکوعہدوں سے نہیں ہٹایا۔ فوٹو: فائل

سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی حکومت سندھ کی جانب سے جامعات کے وائس چانسلرزکی تقرری اور برطرفی کے حوالے سے دہرا معیار سامنے آیا ہے۔

صوبائی حکومت نے تیسری مدت پوری کرنے والے وائس چانسلروںکوہٹانے کے سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر اپنی مرضی کے مطابق عمل شروع کردیا ہے،تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ہائی کورٹ کے حکم پر جزوی عمل کرتے ہوئے ڈائومیڈیکل یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلروں کو عہدوں سے فارغ کردیا ہے، تاہم شہید بینظیربھٹو لیاری یونیورسٹی اورآئی بی اے سکھر میں تیسری بار اداروں کے سربراہ بننے والے وائس چانسلر اور ڈائریکٹرکی برطرفی روک دی ہے۔

12جون کو عدالت عالیہ نے حکومت کو احکام جاری کیے تھے کہ تیسری مدت گزارنے والے کسی بھی یونیورسٹی کے سربراہ کومدت پوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے،عدالت نے حکومت کو سندھ یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ کو بلاامتیاز لاگوکرنے کا حکم جاری کیا تھا لیکن حکومت سندھ نے فیصلے پر جزوی عمل کرتے ہوئے صرف ڈائو میڈیکل یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلرزکو عہدوں سے فارغ کیا جبکہ تیسری مدت گزارنے والے آئی بی اے کے سربراہ نثارمیمن اور لیاری یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹرآر اے شاہ کوعہدوں سے نہیں ہٹایا۔

واضح رہے کہ لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر15مارچ 1987کوپہلی بارشاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور،27مارچ 1998کودوسری بارشاہ عبدالطیف یونیورسٹی ، 24جولائی 1990کوتیسری بارسندھ یونیورسٹی جامشورواور29دسمبر 2010کوچوتھی بارلیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلرمقرر ہوئے ہیں اوراپنے عہدے کی مدت پوری کررہے ہیں دوسری جانب آئی بی اے سکھرکے ڈائریکٹر بھی اس ادارے کے مسلسل تیسری بارسربراہ ہیں وہ7نومبر 2003 کوپہلی بار7 نومبر2008کودوسری باراور28 نومبر 2013 کو تیسری بارآئی بی اے سکھرکے ڈائریکٹر مقرر کیے گئے۔

مقبول خبریں