طاہرالقادری آپریشن کے خلاف سازش کررہے ہیں پرویزرشید

طاہرالقادری ملکی تاریخ کے 2002 کے متنازعہ ترین انتخابات اورریفرنڈم سے بننے والی حکومت کاحصہ رہے ہیں، وفاقی وزیر


APP June 22, 2014
طاہر القادری اسی طرح ناکام ہوں گے جس طرح وہ گزشتہ برس ناکام ہوئے تھے، پرویز رشید فوٹو:فائل

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات اورقومی ورثہ سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ طاہرالقادری جانتے ہیں کہ وہ جمہوری نظام کیساتھ نہیں چل سکتے۔

اپنے ایک جاری بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کو معلوم ہے حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کررہی ہے اور افواج پاکستان آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے لیکن وہ ایسا ماحول پیدا کرناچاہتے ہیں جو دہشت گردوں کیلئے سازگارہو، وہ چاہتے ہیں قوم غیرمتحد رہے اور قوم کی توجہ آپریشن ضرب عضب کے بجائے ان کی احتجاجی سیاست پرمرکوز ہوجائے۔ طاہرالقادری ملکی تاریخ کے 2002 کے متنازعہ ترین انتخابات اورریفرنڈم سے بننے والی حکومت کاحصہ رہے ہیں، وہ پنجاب بینک اسکینڈل اور این آئی سی ایل اسکینڈل پراس لئے خاموش ہیں کہ اس اسکینڈل میں ملوث افراد اب ان کے اتحادی ہیں۔

دریں اثناء وفاقی وزیرنے نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیرقانون سے استعفیٰ طلب کرکے ن لیگ کی حکومت نے مثال قائم کی ہے۔سانحہ لاہور کی تحقیقاتی رپورٹ جوڈیشل کمیشن مرتب کرے گا، سابقہ حکومتوں کے ادوارمیں بھی کئی سانحات رونما ہوئے لیکن کسی نے بھی اپنے وزیرسے استعفیٰ طلب کرنے کی جرات نہیں کی۔