برج ٹاؤن ٹیسٹ ولیمسن ویسٹ انڈیز کیلیے وبال جان بن گئے

ولیمسن کی سنچری نے کیویزکی پوزیشن مستحکم کردی، مہمان ٹیم کے 6 وکٹ پر 314رنز


Sports Desk June 30, 2014
جیمی نیشام نے 51 رنز بنائے، کیمار روئچ نے ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

NEW DELHI: تیسرے ٹیسٹ میں کین ولیمسن ویسٹ انڈین اٹیک کیلیے وبال جان بن گئے، ان کی شاندار سنچری نے نیوزی لینڈ کی پوزیشن قدرے بہتر بنادی۔

ویسٹ انڈیر اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز بارش کے باعث مقابلہ رکنے تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹ پر 314 رنز بناکر 290 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی، ولیمسن 153 پر بیٹنگ کررہے تھے، جیمی نیشام نے 51 رنز بنائے، کیمار روئچ نے ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا جب ٹام لیتھام بغیر کھاتہ کھولے کیمار روئچ کا شکار بن گئے، انھوں نے گیند کو سیدھا مڈ وکٹ کی جانب اچھال کر شلنگفورڈکو کیچنگ پریکٹس کرائی۔

دوسرے اوپنر ہمیش ردرفورڈ بھی صرف 19 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں روئچ کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں موجود رامدین نے کیچ کیا، روس ٹیلر بھی ان کے پیچھے ہی پویلین واپس لوٹ گئے، جیسن ہولڈر کی گیند پر براوو کا کیچ بننے سے قبل انھوں نے 6 رنز بنائے، کپتان برینڈن میک کولم نے کین ولیمسن کے ساتھ اسکور کو 135 تک پہنچایا مگر خود 25 رنز پر روئچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوگئے۔

اس موقع پر کین ولیمسن اور جیمی نیشام کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت ہوئی، نیشام نے 51 رنز پر اپنی وکٹ گنوائی جب انھوں نے جیسن ہولڈر کی گیند کو شارٹ کور پر موجود بریتھ وائٹ کے ہاتھوں میں تھما دیا، بریڈلی جان واٹلنگ 29 رنز پر روئچ کی چوتھی وکٹ بنے، ان کا کیچ بیک ورڈ پوائنٹ پر ہولڈر نے تھاما، اس وکٹ کے ساتھ ہی روئچ کی ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری بھی مکمل ہوگئی۔ جس وقت بارش کی وجہ سے کھیل رکا تو کین ولیمسن 153 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ دوسرا اینڈ ٹم سائوتھی نے سنبھالا تھا۔ نیوزی لینڈ کو 290 رنز کی برتری حاصل ہوچکی تھی جبکہ ابھی اس کی چار وکٹیں باقی تھیں۔

مقبول خبریں