عراق میں داعش کا حکومتی فورسز سے شدید جھڑپوں کے بعد البوکمال قصبے پر قبضہ

حکومت کا بغداد کو باغیوں سے بچانے کیلیے دیوار چین کی طرز پراطراف میں دیوارتعمیر کرنیکا فیصلہ


News Agencies/AFP July 02, 2014
حکومت کا دارالحکومت کوبچانے کے لیے بغداد شہر کے اطراف دیوار چین کی طرزپر کنکریٹ کی دیوارکی تعمیر کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

عراق میں لڑائی میں مصروف ''اسلامی ریاست'' تنظیم کے جنگجوئوں نے شامی سرحد پرالبوکمال قصبے پر3 دن سے جاری شدید لڑائی کے بعد قبضہ کرلیا۔

البوکمال قصبہ شامی صوبے دیرالزور میں آتا ہے جوتیل سے مالا مال ہے۔ قبضے کے بعد شامی فضائیہ نے قصبے پر4 فضائی حملے کیے۔ لڑائی کے باعث عراقی شہرتکریت میں کام کرنے والی بھارتی نرسیں اسپتال میں ہی پھنس کررہ گئی ہیں ۔ حکومت نے دارالحکومت کوبچانے کے لیے بغداد شہر کے چاروں اطراف دیوار چین کی طرزپر کنکریٹ کی دیوارکی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکا نے عراق میں اپنے سفارتخانے، شہریوں اور تنصیبات کی حفاظت کیلیے مزید 200 فوجی بھیجنے کا اعلان کیاہے۔

امریکی عہدیداروں نے بتایاکہ عراق میں باغیوں کی کارروائیوں کے تناظرمیں امریکی سفارتی عملے اورتنصیبات کی حفاظت کیلیے فوجی موجودگی میں اضافے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ اوباما نے بتایاکہ فوجیوں کے ہمراہ ہیلی کاپٹراورڈرون طیارے بھی روانہ کیے گئے ہیں۔ دریں اثنا نئی عراقی پارلیمان کا پہلا اجلاس اسپیکرکے انتخاب کے بغیر ہی ختم ہو گیا۔ اجلاس کے دوران ارکان ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے رہے اورکچھ نے واک آؤٹ کیا۔

دوسری طرف کردرہنما مسعود بارزانی نے کہا کہ کردوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا وقت آ گیا۔ عراق کے خودمختار علاقے کردستان کے رہنما نے کہا کہ وہ آنے والے مہینوں میں اپنے علاقے میں ایک آزاد ملک کے لیے ریفرنڈم کرانے کامنصوبہ رکھتے ہیں۔ بارزانی نے کہا کہ عراق حقیقتاً پہلے ہی تقسیم ہو چکاہے اورکرد حالیہ بحران میں عراق کے سیاسی حل میں اہم کرداراداکرینگے۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اعتراف کیا ہے کہ عراق جنگ امریکا کی سنگین غلطی تھی جس کا خمیازہ آج بھی بھگت رہے ہیں۔ سعودی عرب نے انسانی امداد کے طور پر عراق کیلیے 500 ملین ڈالرامدادکااعلان کیا ہے۔

مقبول خبریں