ارشد ندیم کیلئے انعام کا اعلان کرنیوالے رقم دینے کے بعد رسید بھی دکھائیں

گوہر رشید نے اعلیٰ حکام سے اہم مطالبہ کردیا


ویب ڈیسک August 10, 2024
کروڑوں کے انعامات کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑگئی : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید نے گولڈ میڈلیسٹ اولمپئین ارشد ندیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کرنے والوں سے اہم مطالبہ کردیا۔

پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کے لیے حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں، اداکاروں سمیت کئی شخصیات نے انعامات دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ اسپانسرز کی بڑی تعداد بھی اولمپئین کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہے۔

کروڑوں کے انعامات کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث چھڑگئی کہ کیا یہ انعامات واقعی میں ارشد ندیم کو دیے جائیں گے یا پھر سب نے صرف خبروں کی حد تک ہی اعلان کیا ہے۔

ایسے میں معروف پاکستانی اداکار گوہر رشید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں ارشد ندیم کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی اعلیٰ حکام سے اہم مطالبہ بھی کیا۔

گوہر رشید نے کہا کہ جن لوگوں نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کیا ہے، وہ ارشد ندیم کو انعام دینے کے بعد رقم کی رسید سوشل میڈیا پر لازمی شیئر کریں۔

g1

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے ان کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کیلئے 20 لاکھ روپے اور سندھ حکومت نے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک کے قرضے بھی کہیں دور پھینک دیں، تابش ہاشمی کی ارشد ندیم سے فرمائش

سکھر کے میئر نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنانے کا اعلان کیا جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 20 لاکھ روپے انعام اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے ارشد ندیم کو اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے 10 لاکھ روپے رقم بطورِ انعام نقد رقم دینے کا وعدہ کیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال نے اپارٹمنٹ دینے، کرکٹر احمد شہزاد نے 10 لاکھ، نجی ٹی وی چینل نے بھی 10 لاکھ جبکہ پاکستان گیس اینڈ آئل نے زندگی بھر کیلئے مفت پیٹرول دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں