لاہور کے مختلف علاقوں میں 2 خواتین کا لرزہ خیز قتل

ڈیفنس سی میں 29 سالہ امبرین کو قتل کرکے پنکھے سے لٹکا دیا گیا، فیکٹری ایریا میں 35 سالہ نبیلہ تیز دھار آلے سے قتل


ویب ڈیسک August 12, 2024
(فوٹو: فائل)

شہر کے مختلف علاقوں میں 2 خواتین کو لرزہ خیز انداز میں قتل کردیا گیا۔


پولیس ذرائع کے مطابق ڈیفنس اور فیکٹری ایریا میں 2 خواتین کو قتل کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈیفنس سی میں 29 سالہ امبرین کو قتل کر دیا گیا اور قتل کرنے کے بعد لاش کو پنکھے کے ساتھ لٹکا دیا گیا۔


دوسرے واقعے میں فیکٹری ایریا کے علاقے میں 35 سالہ نبیلہ کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کر کے لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا اور دونوں واقعات کے حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے۔


ایس ایچ او ڈیفنس سی کے مطابق مقتولہ امبرین کے بھائی محسن علی کی مدعیت میں نا معلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ دوسرے واقعے میں مقتولہ نبیلہ کے والد محمد شریف کی مدعیت میں نا معلوم ملزم کے خلاف فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے، اس سلسلے میں تمام حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آ جائیں گے۔ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ملزمان کو جلد ہی گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔