چوہدری نثار مان گئے آج وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا امکان

وزیراعلیٰ شہباز شریف3 روز تک وزیرداخلہ سے طویل ملاقاتوں کے بعد آخرکار انھیں مناکر اپنے ساتھ لاہور لے گئے


Numainda Express July 05, 2014
چوہدری نثار کے روانہ ہونے سے صرف20منٹ قبل وزیراعظم نواز شریف بھی خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور روانہ ہوئے۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے مابین جاری تناؤ میں کمی آگئی ہے اور ان کی آج وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف3 روز تک وزیرداخلہ سے طویل ملاقاتوں کے بعد آخرکار انھیں مناکر اپنے ساتھ لاہور لے گئے ہیں جہاں دونوں رہنماؤں کے روانہ ہونے سے صرف20منٹ قبل وزیراعظم نواز شریف بھی بے نظیر ایئرپورٹ کے محلقہ نور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور روانہ ہوئے۔ شہبازشریف اور چوہدری نثار ہیلی کاپٹر کے ذریعے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے اور تقریباً شام سوا چھ بجے دونوں اکھٹے لاہور روانہ ہوگئے۔ آج چوہدری نثار نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

آئی این پی نے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شہباز شریف کی3ملاقاتوں کے باوجود چوہدری نثار کی ناراضی دور نہیں ہوسکی اور وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ چوہدری نثار کو اس بات پر شدید رنج ہے کہ معاملات کے اس حد تک خراب ہونے کے باوجود وزیراعظم نے کسی تعلق کا لحاظ نہیں رکھا اور ان کی بیماری کے دوران بھی ایک فون کال تک نہ کی۔ دوسری طرف بعض نجی ٹی وی چینلز نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ چوہدری نثار ایک ہفتہ کے دوران وزارت سے مستعفی ہوکر بیرون ملک چلے جائیں گے تاہم وہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی نہیں ہونگے اور پارٹی سے بھی وابستہ رہیں گے۔