بلوچستان سے ہزاروں کلو گٹکا چھالیہ و دیگر اشیا کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  منگل 13 اگست 2024
پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اوتھل روڈ پر کارروائی کی (فوٹو: اسکرین گریب)

پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اوتھل روڈ پر کارروائی کی (فوٹو: اسکرین گریب)

 کراچی: بلوچستان سے کراچی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ہزاروں کلو گٹکا چھالیہ اور دیگر اشیا برآمد کرلی گئیں۔

پاکستان کوسٹ گارڈز کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران چھالیہ، ڈیزل اور دیگر مختلف قسم کا سامان برآمد کرلیا گیا۔ تازہ کارروائی میں پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی معلومات پر اوتھل (بلوچستان) روڈ پر چیکنگ کی۔

چیکنگ کی کارروائی کے دوران کوئٹہ سے کراچی آنے والی مختلف کوچز سے 21085کلوگرام چھالیہ،2922کلوگرام ایرانی کپڑا،1300 اسٹیک سگریٹ،75بیگ چائنا سالٹ،100پیکٹ انڈین گٹکا اور42 عدد ٹائر برآمد کر لیے گئے۔

اس کے علاوہ اوتھل سائیڈ اور کراچی سپر ہائی وے پر قائم چیک پوسٹوں پر بھی انسداد اسمگلنگ کارروائیاں کی گئیں اور اس دوران مزدا ٹرکوں سے21930لیٹر ایرانی ڈیزل بر آمد کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔