گول کیپر کی تبدیلی وان گال کا ’ماسٹر اسٹروک‘ بن گئی

ڈچ میڈیا نے کوچ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، ٹم کرول 2 پنالٹیز روک کر ہیرو بن گئے


Sports Desk/AFP July 07, 2014
ڈچ میڈیا نے کوچ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، ٹم کرول 2 پنالٹیز روک کر ہیرو بن گئے۔ فوٹو: فائل

ہالینڈ کوچ کے پنالٹی شوٹ آؤٹ مرحلے پر گول کیپر تبدیلی کے فیصلے کی زبردست تعریف، میڈیا نے اس اقدام کو 'ماسٹر اسٹروک' قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کی ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں کوسٹا ریکا کیخلاف فتح میں لوئس وان گال کے گول کیپر تبدیلی کے غیرمعمولی فیصلے کو سراہا جارہا ہے، اتوار کو ڈچ میڈیا نے اسے ایک ماسٹراسٹروک قرار دیا ہے، کوچنگ اسٹاف اور متبادل گول کیپر ٹم کرول کے علاوہ تمام لوگوں کو حیرت میں مبتلا کرکے وان گال نے کرول کو نمبر ایک جیسپر کلیزن کی جگہ میدان میں بھیجا جو ان کے اعتماد پر پورا اترے، اگرچہ یہ ایک جوا تھا لیکن کرول نے اپنے کلب نیو کیسل یونائیٹڈ کی جانب سے20 پنالٹیز میں سے آخر کار2 پر قابو پالیا۔

'ڈی ٹیلیگراف' اس موقع پر لکھتا ہے کہ اسپورٹ میں ایسے مواقع پر کامیابی کیلیے لمحوں کی سوچ کافی ہوتی ہے، بعض مرتبہ یہ خوش قسمتی اور بعض مرتبہ چھٹی حس سے حاصل ہوجاتی ہے ۔ ایک اور ڈچ اخبار 'وولسکرانٹ' نے بھی62 سالہ کوچ کی مدح سرائی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تبدیلی ایک ماسٹر اسٹروک تھی، ٹم کرول نے2 پنالٹیز بچائیں۔

وان گال نیدرلینڈز ٹیم کے کوچ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد انگلش پریمیئر لیگ کی مستحکم ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کو جوائن کرنیوالے ہیں، ڈچ ٹی وی اسٹیشن این او ایس نے بھی تعریفی تبصروں کے ساتھ اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام توقعات کے برعکس لوئس وان گال نے پنالٹیز کیلیے کلیزن کی جگہ ٹم کرول کو منتخب کیا، ٹم کرول2 پنالٹیز بچا کر ہیرو بن گئے،ڈچ نیشنل براڈکاسٹر نے بدھ کو دو مرتبہ کی چیمپئنز سائیڈ ارجنٹائن کے ساتھ سیمی فائنل مقابلے پر زیادہ نظریں جما رکھی ہیں ۔