غزہ میں اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی صحافی شہید 2 زخمی

زخمی صحافیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے


ویب ڈیسک August 20, 2024
زخمی صحافیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے

غزہ میں ایک فلسطینی صحافی ابراہیم محارب اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں شہید ہوگئے جب کہ دیگر 2 زخمی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق فلسطین اتھارٹی کی وزارتِ صحت نے بتایا کہ صحافی کی شہادت گزشتہ روز خان یونس کے جنوبی علاقے میں ایک اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ہوئی۔

وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی ابراہیم محارب کی لاش حمد سٹی نامی رہائشی اپارٹمنٹ سے ملی جہاں سے دیگر دو صحافی بھی زخمی حالت میں ملے۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والے صحافیوں کو الناصر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی میں سے ایک صحافی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ایک فلسطینی ویب سائٹ ''ڈیلی نیوز'' نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے اسے مکمل تباہ کردیا۔ ملبے سے صحافی کی لاش ملی۔

خیال رہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے بتایا کہ غزہ میں اب تک شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 110 سے تجاوز کرچکی ہیں۔