آئی ایم ایف کا 2010ء کا پروگرام دو فیصد جبکہ حالیہ پروگرام 5 فیصد سود پر لیا گیا اسٹیٹ بینک
اب تک آئی ایم ایف کو قرض پر ٹوٹل 2439 ملین سود ادا کیا گیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ ٹوٹل 28 پروگرام کیے گئے ہیں، بریفنگ
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں آئی ایم ایف کے قرضوں اور سود کی تفصیلات پیش کردی گئیں جس میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کا 2010ء کا پروگرام دو فیصد سود جبکہ حالیہ پروگرام 5 فیصد سود پر لیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئی ایم ایف سے قرضوں اور سود کی تفصیلات کمیٹی میں پیش کردی گئیں۔
وزارت خزانہ کے حکام نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پہلا پروگرام 1958ء میں کیا گیا۔ جوائٹ سیکریٹری فنانس نے کہا کہ اب تک آئی ایم ایف سے 21260 ملین ایس ڈی آر قرض لیا گیا، آئی ایم ایف کو واپس کرنے والا قرض 6369 ملین ایس ڈی آر رہ گیا ہے، 6.3 ارب ڈالر سے زیادہ کا قرض تین سے پانچ سال میں واپس کرنا ہے۔
حکام وزارت خزانہ نے کہا کہ اب تک آئی ایم ایف کو قرض پر ٹوٹل 2439 ملین سود ادا کیا گیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ ٹوٹل 28 پروگرام کیے گئے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ 24 فل ٹائم، چار ون ٹائم پروگرام کیے۔
اسٹیٹ بینک حکام نے کہا کہ 2008ء اور 2010ء کے پروگرام کا مکمل قرض واپس کر دیا گیا ہے، ان دونوں پروگرامز پر آئی ایم ایف کو 1.58 فیصد سود دیا گیا، 2023 کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر 5.09 فیصد سود ہے، 2008 سے 2023 کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ 6 پروگرام کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : داسو ہائیڈرو پاور منصوبہ تین سالہ تاخیر کا شکار، 2028ء میں مکمل ہوگا، وزارت اقتصادی حکام
سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ 1958 میں تو پاکستان نے جرمنی کو قرض دیا تھا۔ چیئرمین کمیٹی نے بھی پوچھا کہ 1958 میں ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کیوں ضرورت پیش آئی؟
حکام اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اس وقت امپورٹ ایکسپورٹ بیلنس کم تھا، بیلنس آف پیمنٹس کیلئے ہی آئی ایم ایف کے پاس گئے تھے۔
کامل علی آغا نے پوچھا کہ اس سال آئی ایم ایف کو کتنی ادائیگیاں کرنی ہیں؟ اس پر اسٹیٹ بینک حکام نے کہا کہ یہ تفصیلات ابھی ہمارے پاس نہیں ہیں پتا کرکے بتا دیں گے۔