آئس کریم کھانے کو بچوں کے اسکول نصاب میں شامل کرنے کی تجویز
ماہرین نے پرچھائیوں سے کھیلنےاور موسیقی کے آلات بجانے سمیت متعدد تجربات کو اسکول کے نصاب میں شامل کرنے پر زور دیا
برطانیہ میں ماہرین نے وزراء کو بتایا ہے کہ پرائمری اسکول کے بچوں کو سائنس کے متعلق سیکھنے میں مدد دینے کےلیے آئس کریم کھانے، سبزیاں اگانے اور آٹا گوندھنے دینا چاہیئے۔
چار بڑے سائنسی اداروں نے برطانوی حکومت پر تین سے 11 سال کے بچوں کے لیے سایوں سے کھیلنے، مٹی میں گڑھے کرنے، گارڈن سینٹرز کے دورے کرنے، ری سائیکلنگ اور موسیقی کے آلات بجانے سمیت متعدد تجربات نصاب میں شامل کرنے کے لیے زور دیا ہے۔
رائل سوسائٹی آف کیمسٹری، انسٹیٹیوٹ آف فزکس، رائل سوسائٹی آف بیالوجی اور ایسوسی ایشن فار سائنس ایجوکیشن کی جانب سے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) میں عدم مساوات کو کم کرنے کے لیے پرائمری اسکول نصاب میں ریفارمز کی تجاویز دیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ وہ بچے جن کے براہ راست تجربات محدود ہیں ان کو ناقابلِ تردید مسائل کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ بنیادی طور پر برابری کا مسئلہ ہے اور بچوں کو ایسے بھرپور تجربات کی فراہمی اس مسئلے کو حل کر سکے گی۔