بھارت نے ریلویز کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے کھول دیا

پہلی بلٹ ٹرین چلانے کابھی اعلان، ریل فنانس بل پیش، متعدد اصلاحی منصوبے شامل


AFP July 09, 2014
پہلی بلٹ ٹرین چلانے کابھی اعلان، ریل فنانس بل پیش، متعدد اصلاحی منصوبے شامل۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ریلویز کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے کھولتے ہوئے بجٹ میں پہلی بلٹ ٹرین متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی وزیر ریلوے سداناندا گوڑا نے پارلیمنٹ میں منگل کو ریل فنانس بل پیش کیا۔ وزیر ریلوے نے پارلیمنٹ سے خطاب میں اصلاحی منصوبے پیش کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کی بدانتظامی کے بعد اب ریل نیٹ ورک کو فوری ٹھیک کیے جانے کی ضرورت ہے، ریلویز کے پسنجر آپریشنز کے علاوہ تمام شعبوں میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کے ساتھ نجی سرکاری اشتراک کو فروغ دیا جائے گا، چیلنجزسے نمٹنے کے لیے نجی فنڈز کی ضرورت ہوگی، ہمیں فنڈنگ کے لیے متبادل وسائل تلاش کرنا ہونگے۔ انھوں نے کہاکہ تیز ٹرین، حفاظتی امور میں بہتری اور ریل میں صفائی ستھرائی ترجیحات ہوں گی، بھارت کی پہلی بلٹ ٹرین ممبئی احمدآباد ٹریک پر چلے گی۔