محکمہ وائلڈ لائف کا چھاپہ نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد ملزم گرفتار

ملزم سوشل میڈیا پر نایاب جنگلی جانوروں کی کھالیں فروخت کرنے کا کام کررہا تھا


ویب ڈیسک August 30, 2024
پاکستان میں برفانی چیتے کی نسل ختم ہونے کا خطرہ ہے:فوٹو:ایکسپریس نیوز

پنجاب وائلڈ لائف نے نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق ملزم سے تفتیش کے دوران گروہ کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور گرفتاریوں کے لئے آپریشن جاری ہے۔ پنجاب وائلڈلائف اسپیشل سکواڈ نے گزشتہ روز ملزم کو گرفتارکیا تھا۔ملزم کولاہور کی نجی سوسائٹی سے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کرکے برفانی چیتے کی کھال برآمد کی گئی۔

وائلڈلائف حکام کے مطابق علمی مارکیٹ میں نایاب برفانی چیتے کی قیمت 20 ہزار ڈالر ہے جو پاکستانی 56 لاکھ روپے بنتے ہیں۔پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہےجنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا، جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ موسمی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے نایاب جنگلی جانوروں کی کھال فروخت کرنے کا غیر قانونی دھندہ کر رہا تھا۔

پاکستان دنیا کے ان 12 ممالک میں شامل ہے جہاں نایاب برفانی چیتے پائے جاتے ہیں ۔ برفانی چیتے پاکستان میں نسل ختم ہونے کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات میں شامل ہیں۔ پاکستان میں 300 سے 400 برفانی چیتے باقی بچنے کی اطلاعات ہیں ۔عالمی سطح پر نایاب برفانی چیتے کی نسل کی بقاء کے لئے خصوصی کوششیں جاری ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔