پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں کمی

100تا 200 روپے کمی سے پنجاب 6200،سندھ 6100،اسپاٹ ریٹ 350روپے کمی سے 6ہزار روپے من ہوگئے


Ehtisham Mufti July 14, 2014
ملکی تاریخ میں پہلی بار اینڈنگ اسٹاکس زیرو ہونے سے آئل کیک وکاٹن سیڈ کے بھائوبلند ترین سطح پر آگئے۔ فوٹو: فائل

بہتر متوقع موسمی حالات کے باعث 2014-15 کے دوران دنیا بھر میں کپاس کی پیداوار ابتدائی تخمینوں کے مقابلے میں زیادہ ہونے کے بارے میں اطلاعات آنے اور سال 2013-14 کے روئی کے اینڈنگ اسٹاکس توقعات سے کافی زیادہ ہونے کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن ایکسچینج میں مسلسل پانچویں ہفتے بھی روئی کی قیمتیں زبردست مندی کا شکار رہیں۔

جبکہ پاکستان میں آئل کیک اور کھل بنولہ کے نرخ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باعث پھٹی کی قیمتوں میں کافی حد تک استحکام رہا جبکہ روئی کی قیمتیں پاکستان میں بھی مندی کا شکار رہیں۔ ممبر پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن( پی سی جی اے) احسان الحق نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ بیشتر امریکی زرعی اداروں کی تازہ ترین سروے رپورٹس کے مطابق 2014-15 کے دوران امریکا ،چین، بھارت اور پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں کپاس کی پیداوار پہلے تخمینوں کے مقابلے میں کافی بہتر پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔

جبکہ 2013-14 کے دوران دنیا کے بڑے کاٹن اور کاٹن یارن امپورٹر چین کی جانب سے کاٹن اور کاٹن یارن کی درآمدات میں ریکارڈ کمی کے باعث روئی کے اینڈنگ اسٹاکس پہلے تخمینوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہونے کے باعث 2014-15 میں دنیا بھر میں روئی کے کاروباری حجم میں متوقع غیر معمولی کمی کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتیں پچھلے دو سال کی کم ترین سطح تک گر گئیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے چند ہفتوں کے دوران بھی دنیا بھر میں روئی کی قیمتیں مندی کا شکار رہیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن ایکس چینج میں حاضر ڈلیوری روئی کے سودے 3.05 سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 83.85 سینٹ فی پائونڈ، اکتوبرڈلیوری روئی کے سودے ریکارڈ 3.05 سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 68.74 سینٹ فی پائونڈ تک گر گئے جبکہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں روئی کے اسپاٹ ریٹ 350روپے فی من مندی کے بعد 6ہزار روپے فی من تک گر گئے جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران بھارت میں بھی روئی کی قیمتیں مندی کا شکار رہیں جس کے باعث بھارت میں روئی کی قیمتیں 400 روپے فی کینڈی کمی کے بعد 42ہزار 223 روپے فی کینڈی تک گر گئیں جبکہ پاکستان میں روئی کی قیمتیں 100 سے 200 روپے فی من مندی کے بعد پنجاب میں 6ہزار 200 روپے جبکہ سندھ میں 6ہزار 100 روپے فی من تک گر گئیں۔

احسان الحق نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں آئل کیک اور کاٹن سیڈ کے اینڈنگ اسٹاکس زیرو ہونے کے باعث پاکستان میں آئل کیک اور کاٹن سیڈ کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران آئل کیک کی قیمتیں 1ہزار 900 روپے فی من جبکہ کاٹن سیڈ کی قیمتیں 1ہزار 850 روپے فی من تک پہنچ گئیں تاہم اطلاعات کے مطابق اب سندھ اور پنجاب کے بعض شہروں میں پھٹی کی آمد میں بہتری آنے کے باعث اب ان کی قیمتوں میں مزید تیزی کی توقع نہیں کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں 18 جبکہ سندھ میں 34 جننگ فیکٹریاں آپریشنل ہو چکی ہیں اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مزید جننگ فیکٹریاں بھی آپریشنل ہو جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیشگوئیوں کے مطابق 2014-15 کے دوران بھی پاکستان میں بارشیں زیادہ ہونے کے روشن امکانات ہیں جس سے کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار جو ابتدائی طور پر 15 ملین بیلز مختص کی گئی ہے،کو بارشوں سے نقصان پہنچنے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں جاری توانائی کے شدید ترین بحران کے باعث پنجاب میں ٹیکسٹائل ملز کی بندش مسلسل جاری ہے اور اپٹما نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری طور پر پنجاب میں ٹیکسٹائل ملز کیلیے ہنگامی بنیادوں پر بجلی اور گیس کی فراہمی بہتر نہ بنائی گئیں تو 200 سے زائد ٹیکسٹائل ملز نان آپریشنل ہو سکتی ہیں تاہم معلوم ہوا ہے کہ ٹیکسٹائل ملز کی بندش کے ساتھ ساتھ بعض ٹیکسٹائل ملز کے آپریشنل اوقات میں بھی کافی کمی دیکھی جا رہی ہے جس کے باعث بعض ٹیکسٹائل ملز اب ایک یا دو شفٹیں چلا رہی ہیں۔

مقبول خبریں