برازیل ورلڈ کپ گول کیپرز ’ہیروز‘ بن کر ابھرے

کوسٹاریکا کے نیواس کو ایونٹ میں تین مرتبہ مین آف دی میچ چناگیا، رومیرو بھی چھائے رہے


AFP July 14, 2014
برازیل کیخلاف عمدہ کھیل پیش کرنے والے میکسیکو کے گلرمو اوچاؤ کیلیے قیمتی معاہدہ تیار۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ میں گول کیپرز بھی اپنا جلوہ دکھانے میں پیچھے نہیں رہے، عمدہ کھیل پر کئی اپنے ممالک میں ہیرو بن گئے، ارجنٹائن کے سرگیو رومیرو نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، میکسیکو کے گلرمو اوچائو کا قیمتی معاہدہ منتظر ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں چار برس قبل کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے مقابلے میں اس بار کے ایونٹ میں زیادہ جارحانہ فٹبال کھیلی گئی لیکن اس کے باوجود دنیا کے بہترین گول کیپر اپنی صلاحیتوں کا جلوہ دکھانے میں کامیاب رہے، گذشتہ روز جو فائنل کھیلا گیا وہ بھی دراصل دو بہترین 'اسٹاپرز' کے درمیان مقابلہ تھا۔ ایک طرف جرمنی کے سپر اسٹار گول کیپر مینئول نیور تھے اور دوسری جانب ارجنٹائن کے سرگیو رومیرو تھے جنھوں نے گذشتہ سیزن میں ہی موناکو کی جانب سے لیگ فٹبال کا آغاز کیا مگر نیدرلینڈز کے رون ولار اور ویسلے سنائجر کا گول روک کر وہ راتوں رات اپنے ملک کے ہیرو بن گئے، انھوں نے اپنے ملک کو 24 برس بعد فائنل کھیلنے کا اعزاز دلایا۔

اس بار لاطینی امریکا کے لیے ایونٹ کافی اچھا ثابت ہوا اسکی تین ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں اور یہ سب ان کے گول کیپرز کی بدولت ہی ہوا، میکسیکو کے گلرمو اوچائو نے فورٹالیزا میں کھیلے گئے گروپ میچ میں برازیل کے اٹیک کی ایک نہ چلنے دی جس سے میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا، اب ایک قیمتی کنٹریکٹ ان کا منتظر ہے، وہ فرنچ کلب اجاسیو کو چھوڑ چکے ہیں۔کوسٹاریکا کے کیلور نیواس کو ایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ وہ میسی کے بعد پہلے پلیئر ہیں جن کو اس ایونٹ میں تین مرتبہ مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل ہوا، انھوں نے یونان کے خلاف پنالٹی روک کر اپنی ٹیم کو پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچانے کا اعزاز حاصل کیا۔ سب سے بہترین گول کیپنگ کا مظاہرہ امریکا کے ٹم ہاورڈ کا بیلجیئم کے خلاف میچ میں دیکھنے میں آیا۔