حصص مارکیٹ میں تیزی 387 پوائنٹس کا اضافہ

ریٹنگ آؤٹ لک اپ گریڈ،انڈیکس بیک وقت4 حدیں پھلانگ کر29705 پر آ گیا،206 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں


Business Reporter July 14, 2014
مارکیٹ سرمائے میں71ارب روپے کا اضافہ، کاروباری حجم میں 66فیصد بہتری، 9کروڑ 10لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

KARACHI: بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی ''موڈیز'' کی جانب سے پاکستانی کریڈٹ ریٹنگ کا آئوٹ لک منفی سے مستحکم کیے جانے، 2 ارب ڈالر مالیت کے یوروبانڈز کی نیلامی، عالمی مالیاتی اداروں کی معاونت اور اداروں کی نجکاری سے بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال میں بہتری کی رپورٹ نے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر مثبت اثرات مرتب کیے اور تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی29400،29500 ،29600 اور29700 کی 4 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

تیزی کے باعث62 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں71 ارب 8 کروڑ85 لاکھ81 ہزار 239 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروباری دورانیے میں مقامی کمپنیوں، بینکوں و مالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر55 لاکھ1 ہزار816 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے47 لاکھ86 ہزار468 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے7 لاکھ15 ہزار348 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

ٹریڈنگ کے دوران سیمنٹ اور انرجی سیکٹر بلحاظ سرمایہ کاری پرکشش رہے کیونکہ گزشتہ ہفتے کے دوران مستقل مندی کی وجہ سے بیشترشعبوں کی کمپنیاں نئی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش قیمتوں پر آگئی تھیں لہٰذا مختلف شعبوں نے نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری کی جس سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن ہوا نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 387.01 پوائنٹس کے اضافے سے 29705.07 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 308.82 پوائنٹس کے اضافے سے20568.65 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 666.98 پوائنٹس کے اضافے سے 48034.35 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت66 فیصد کا اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر9 کروڑ10 لاکھ 80 ہزار680 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار332 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں206 کے بھائو میں اضافہ، 92 کے دام میں کمی اور34 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔