حصص مارکیٹ مندی کا شکار 21 پوائنٹس گرگئے

انڈیکس29684 پوائنٹس پر بند،337 میں سے 194 کمپنیوں کی قیمتیں نیچے، 110 فرمز کے دام بڑھ گئے


Business Reporter July 16, 2014
مندی کے باوجود مارکیٹ سرمایہ 1.38 ارب روپے بلند، کاروباری حجم 18 فیصد زائد، 10.78 کروڑ حصص کے سودے۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو اتارچڑھاؤ کے بعد دوبارہ مندی کے اثرات غالب رہے جس کے نتیجے انڈیکس کی29700 کی حد ایک بارپھر گرگئی جبکہ 57.56 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی لیکن آل شیئرانڈیکس بڑھنے کے نتیجے میں حصص کی مالیت میں ایک ارب 38 کروڑ 28 لاکھ 18 ہزار190 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک و تاجران کا کہنا ہے کہ پیر کو رونما ہونے والی تیزی سے فائدہ اٹھانے کیلیے متعدد سرمایہ کاروں نے منگل پرافٹ ٹیکنگ پر رحجان غالب رکھا جس سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران کم حاضری کے باوجود مختصرالمدت سرمایہ کاری رحجان غالب ہے اور یومیہ بنیادوں پر ٹریڈنگ کو فروغ مل رہا ہے، اسٹاک تاجران کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے دوران مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز اور این بی ایف سیز کی جانب سے مجموعی طور پر25 لاکھ85 ہزار 313 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے19 لاکھ71 ہزار524 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے1 لاکھ51 ہزار 524 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے3 لاکھ 73 ہزار 710 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنزکی جانب سے 88 ہزار 555 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 21.10 پوائنٹس کی کمی سے 29683.97 پوائنٹس اور کے ایس ای30 انڈیکس 13.57 پوائنٹس کی کمی سے 20555.08 ہو گیا جبکہ اس کے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس 64.86 پوائنٹس کے اضافے سے 48099.21 اور آل شیئر انڈیکس 3.91 پوائنٹس کے اضافے سے 21822.42 ہوگیا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت 18.38 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر10 کروڑ 78 لاکھ 27 ہزار510 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 337 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں سے 110 کے بھاؤ میں اضافہ، 194 کے دام میں کمی اور33 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھاؤ 61.94 روپے بڑھ کر 3269.56 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ 39.99 روپے بڑھ کر 1240 روپے ہو گئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ384.03 روپے کم ہو کر 11299.84 روپے اور انڈس ڈائنگ کے بھاؤ 31.90 روپے کم ہو کر 624.10 روپے ہوگئے۔