مالی سال 142013 غیر ملکی سرمایہ کاری 4 ارب 37 کروڑ 73 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئی

2012-13 میں 1ارب 58 کروڑ کی بیرونی سرمایہ کاری سے 176.9 فیصد زائد، گزشتہ مالی سال ایف ڈی آئی 12 فیصد کے اضافے سے۔۔۔


Business Reporter July 17, 2014
فارن پبلک انویسٹمنٹ 2 ارب 11 کروڑ 52 لاکھ رہی، پورٹ فولیو427.8 فیصد بڑھ گئی، جون میں 59 کروڑ 15 لاکھ ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، اسٹیٹ بینک فوٹو: اے ایف پی/فائل

ROME: پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 176.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2013 تا جون 2014 کے دوران ملک میں مجموعی طور پر 4ارب 37کروڑ 73لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جو مالی سال 2012-13 میں کی جانے والی 1ارب 58 کروڑ 6 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 2 ارب 79کروڑ 67لاکھ ڈالر (176.9فیصد) زائد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 43.5 فیصد کے اضافے سے 2ارب 26کروڑ 22 لاکھ ڈالر رہی جس میں 1ارب 63کروڑ 13لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری شامل ہے۔

گزشتہ مالی سال کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 12فیصد زائد رہی، مالی سال 2012-13کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1ارب 45کروڑ 65لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، اس دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری 427.8 فیصد کے اضافے سے 63 کروڑ 9 لاکھ ڈالر رہی، سال2012-13کے دوران 11کروڑ 95لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، یورو بانڈز کے اجرا کے سبب فارن پبلک انویسٹمنٹ 2 ارب 11کروڑ 52لاکھ ڈالر رہی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون 2014 کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 59کروڑ 15لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ ماہ فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ 59کروڑ 91لاکھ ڈالر رہی جبکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 18کروڑ 86لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری 41کروڑ 6لاکھ ڈالر رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال سب سے زیادہ 58کروڑ 33لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کمیونی کیشن سیکٹر میں کی گئی جس میں سے 56کروڑ 81لاکھ ڈالر ٹیلی کام سیکٹر میں انویسٹ کیے گئے، تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 46 کروڑ 51 لاکھ ڈالر رہی، فنانشل بزنس میں غیرملکی سرمایہ کاری 15کروڑ 68لاکھ ڈالر رہی، فوڈ سیکٹر میں 8کروڑ 74لاکھ ڈالر، کیمیکلز کے شعبے میں 8کروڑ 84لاکھ ڈالر، ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 2 کروڑ 95 لاکھ ڈالر اور پاور سیکٹر میں 4 کروڑ 66لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔