امریکا میں انتخابات کے دن حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا افغان شہری گرفتار

ملزم ناصر توحیدی نے وائٹ ہاؤس کے کیمروں کو آن لائن چیک کیا، حکام


ویب ڈیسک October 09, 2024

امریکا میں انتخابات کے دن حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے افغان شہری کو گرفتارکرلیا گیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ ناصر احمد توحیدی کو ریاست اوکلاہوما سے دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

امریکی محکمہ انصاف نے ناصر احمد توحیدی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا کہ افغان شہری داعش کے نام پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ ناصر احمد توحیدی 2021 میں خصوصی امیگرینٹ ویزا پر امریکا آیا تھا اور اوکلاہوما میں رہائش پذیر تھا۔

ناصر احمد توحیدی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے کیمروں تک رسائی حاصل کرنے اور ان ریاستوں سے متعلق جہاں اسلحہ لینے کے لیے لائسنس کی ضرورت نہیں آن لائن انفارمیشن تلاش کی۔ ملزم نے وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن مونیومنٹ کے ویب کیمروں کو بھی آن لائن چیک کیا۔

ناصر توحیدی کے ساتھ اس سازش میں اس کا کم عمر بہنوئی بھی ملوث ہے۔ ناصر توحیدی کے بہنوئی کو امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایک خفیہ ایجنٹ سے دو رائفل خریدنے کے بہانے بلا کر گرفتار کیا گیا۔

گرفتاری کے بعد ناصر توحیدی نے حکام کو بتایا کہ وہ لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کے دوران حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور اس دوران وہ اور ان کے ساتھی شہادت کے خواہش مند تھے

امریکا کے اسپیشل امیگرینٹ ویزا پروگرام پرایک سال کے عرصے میں 50 افراد داخل ہو سکتے ہیں جو افغانستان یا عراق میں امریکی افواج یا چیف آف مشن کے تحت بطور ٹرانسلیٹر کام کرتے رہے ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے عائد الزامات میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا ناصر توحیدی افغانستان میں بطور ٹرانسلیٹر کام کر رہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔